تحریر: سلمان احمد قریشی
کرکٹ اور سیاست میں عام پاکستانی کی دلچسپی قابلِ ذکر ہے۔میدان کھیل کا ہو یا سیاست کا قوم کے جذباتی رویۓ کی بنیاد حبُ الوطنی پر ہے۔ ہم کھیل میں بھارت کی شکست اور سیاست میں اپنی جماعت کی کامیابی ہر صورت دیکھنا چاہتے ہیں۔
سیاست ہویاکرکٹ پاکستانی اپنا الگ ہی رنگ جماتے ہیں۔ کرکٹ سے دلچسپی اتنی زیادہ ہے کہ ایک سابق کرکٹر عمران خان آج مقبول سیاسی رہنما ہیں۔ وہ کھیل کے میدان سے وزارتِ اعظمی کے منصب تک پہنچے۔
عالمی کرکٹ کا میلہ جب بھی سجے اور روایتی حریف بھارت مدِمقابل آئے تو جذبہ ٕحبُ الوطنی کا اظہار ہوتا ہے۔ پاکستانی بھارت کو کھیل کے میدان میں شکست دے کر ایسے خوشی مناتے ہیں جیسے عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔بھارت میں بھی پاکستان سے شکست کو آسانی سے تسلیم نہیں کیا جاتا۔ ستمبر 2022ٕ کے ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان دو میچوں میں مدِمقابل آئے۔ دونوں ممالک ایک، ایک میچ میں فتح حاصل کرسکے۔ سپر فور میں بھارت کا سفر ختم ہوا اور پاکستان فائنل تک پہنچ گیا۔بھارت میں بھارتی ٹیم کی پاکستان کے ہاتھوں شکست پر بھارتی کھلاڑی ارشدیپ سنگھ کو
خالصتان سےجوڑا گیا۔غم و غصہ پورے بھارت میں دیکھا گیا۔
قارئین کرام!کھیل محبتوں کو فروغ دیتے ہیں مگر بھارت اور افغانستان میچ میں بھی اپنا نفرت کا طرزِ عمل نہیں چھوڑتے۔ایشیاء کپ ٹی 20 سپر فور مرحلہ میں افغانستان سے میچ کے دوران پاکستانی کرکٹر
آصف کے آؤٹ ہونے پر افغانستان کے کھلاڑی سمجھ بیٹھے تھے کہ وہ میچ جیت چکے ہیں اسی لیے انکے باؤلر فرید نے نہایت بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔ شاید وہ بھول گۓ تھے کہ گیم ابھی باقی ھے۔اپنے ایک ساتھی کے ساتھ بدتمیزی کا بدلہ پاکستانی نوجوان نسیم شاہ نے جس طرح لیا اسکے بعد کا منظر ہمشیہ یاد رہے گا۔نسیم شاہ کے دو چھکوں سے ہر لڑکا جس طرح جوش سے بھرا ہوا میدان میں کود گیا وہ مناظر دیدنی ہیں۔
افغان کرکٹر روتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر گئے۔متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا ٕ کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
سنسنی سے بھرپور، اعصاب شکن لمحات اور پاکستان کی فتح
کے بعد سوشل میڈیا پر افغان شائقین کی جانب سے شارجہ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ اور تشدد کرنے کی مبینہ ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ پاکستان سے شکست پر افغان شائقین نے پاکستانی مداحوں کو کرسیاں دے ماریں۔مبینہ ویڈیوز میں افغان شائقین کو پاکستانی مداحوں پر کرسیوں سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اب شارجہ کے حکام نے اسٹیڈیم میں ہنگامہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اسٹیڈیم اور شائقین کو نقصان پہنچانے والوں کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق شائقین کھیل کے ضوابط پر عمل درآمد کریں، کھیل کا میدان اسپورٹس مین اسپرٹ کا تقاضہ کرتا ہے۔
شکست خوردہ افغان ٹیم سے کسی بھی کرکٹ سے پیار کرنے والوں کو کوئی ہمدردی نہیں کیونکہ جو کھیل کو کھیل سمجھ کے نہیں کھیلے وہ محبت تقسیم نہیں کرتے۔ نفرتیں پھیلانے والے لوگوں نے جینٹلمین کھیل کو اپنے تعصب سے بھرے عمل سے اپنے ملک کا امیج خراب کیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان جنوبی ایشیا کے دو اہم پڑوسی ممالک ہیں۔ تاریخ میں درج ہے پاکستان نے آزادی حاصل کرنے کے بعد جب اقوامِ متحدہ کی رکنیت کی کوشش کی تو، افغانستان واحد ملک تھا، جس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی شمولیت کے خلاف ووٹ دیا۔ 1947ء میں افغانستان نے فوری طور پر پاکستان میں علیحدگی پسند تحریکوں کو مسلح کیا۔ پاکستانی سرزمین کے بڑے حصے پر بے بنیاد دعوے کیے۔ جس سے دونوں ممالک کے درمیان میں تعلقات معمول پر نہ آ سکے۔ مزید کشیدگی افغانستان میں جنگ ( 1978ء – سے تاحال )مختلف مسائل کے ساتھ پیدا ہوتی رہی۔
دوسری طرف افغان سوویت یونین جنگ کے وقت سے لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان کے مہمان رہے۔بہت سے پاکستان میں ہی رہائش پذیر ہو گۓ۔افغان اور پاکستانی پختون آبادی کے آپس میں گہرے تعلق اور رشتے داریاں ہیں۔سب سے بڑھ کر دونوں ممالک اسلام کے رشتے سے جڑے ہیں۔ان تمام حقائق کے باوجود افغانستان اور پاکستان کے تعلقات بہت عرصے سے زیادہ ٹھیک نہیں رہے ہیں۔موجودہ افغانستان میں طالبان برسرِاقتدار ہیں۔
افغانستان کی حکومت اس وقت عالمی سطح پر شدید تنہائی کا شکار ہے ۔ دنیا افغان طالبان کو دہشت گردی ،یا کم ازکم دہشتگردی کی سرپرستی کا مظہر قرار دیتی ہے۔پاکستان نے نہ صرف طالبان حکومت کو تسلیم کیا بلکہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی ہر ممکن کوشش کی۔ تمام تر سفارتی کوششوں کےافغانستان کا ایک طبقہ بھارت کے زیرِ اثر ہے۔
آج پاکستان میں افغان بے وفائی ٹاپ ٹرینڈ ہے۔عام پاکستانی افغان شاٸقینِ کرکٹ اور کھلاڑیوں کے رویے پر شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ نفرت انگیزی سارے افغان بھائیوں کی سوچ نہیں۔چند لوگ ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں تو ہمیں اس ناخوشگوار صورتحال کو اسی تناظر میں لیں۔ افغانستان اور پاکستان کو ساتھ رہنا اور چلنا ہے۔تحمل اور برداشت کے رویے کو فروغ دینا ہے۔ میدانِ سیاست میں بھی ہم تقسیم اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔سیاسی قیادت کے بیانات اور شعلہ بیانی سے آپس میں نفرت کو فروغ نہ دیں۔
ایک کھیل میدان میں ہوتا ہے جس میں کھلاڑی مدِمقابل ہوتے ہیں جبکہ ایک اور کھیل سوشل میڈیا پر چل رہا ہوتا ہے جس میں ہر کوئی ذاتی حیثیت میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔اسطرح دورِ حاضر میں سیاست بھی سوشل میڈیا پر جاری و ساری رہتی ہے۔آزادی اظہار رائے کو قومی مفاد کے تابع کرنا بہت ضروری ہے۔میدانِ سیاست میں آئینِ پاکستان کی بالادستی اور قومی اداروں کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھنا لازم ہے۔اپنے پسند کی سیاسی شخصیات کی تعریف میں زمین و آسمان ایک کرنا اور جذباتی ردِعمل مناسب نہیں۔اکثر تنقید کرنے کے معاملے میں حد سے تجاوز بھی بھی عام بات ہے۔ پاک بھارت میچ میں نواز اور آصف کی جوڑی کو لیکر میدانِ سیاست سے جوڑا گیا۔تعریف اور تنقید دونوں میں سطحی سوچ غالب نظر آٸی۔
افغان شاٸقین نے شارجہ میں جو کیا وہ حبُ الوطنی نہیں نادانی ہے۔ کھیل کو کھیل ہی سمجھنا چاہیے۔
کھیل اور ہارجیت بین الاقوامی تعلقات تک نہیں لیکر جانا چائیے۔افغانستان کے ساتھ پاکستان کے معاملات کا ذکر سطورِ بالا میں اسی لیے کیا کہ ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے آگے بڑھنے کی مناسب انداز میں کوشش کریں۔
ملک کے کسی بھی شہر، کسی بھی کونے میں کسی ان پڑھ کے پاس بھی چلے جائیں یہ حب الوطنی کےقصیدے سنے جا سکتے ہیں۔
لیکن اسکے باوجود ملکی ترقی کی رفتار سب غیر مطمئن دکھائی دیں گے۔یہاں ہم لاشعوری طور پر اپنی ناکامیوں کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔بہتری کے لیے بہتر حکمت عملی اور سوچ کو اپنانا ضروری ہے۔ اس حقیقت کو ماننے میں تعمل نہ کریں کہ آج کرکٹ، سیاست، شوبز،اور جواء دونوں لازم و ملزوم ہیں۔یہ دولت پرستوں اور کارپوریٹ دنیا کے برانڈ ہیں۔برانڈ کے بارے جذباتی ردِعمل مناسب نہیں۔