فارن فنڈنگ کیس, عمران خان نے ‘’مدر آف این آر او” لے کر سیاسی عدم استحکام پیدا کیا.مولانا فضل الرحمان
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فارن فنڈنگ کیس کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ‘’مدر آف این آر او” لے کر سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد مریم نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ منگل کے روز پی ڈی ایم کی قیادت الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ فارن فنڈنگ کیس کے مرکزی ملزم عمران خان ہیں۔ خفیہ اکاؤنٹ کے ذریعے ذاتی کاروبار کیا گیا۔ ہم الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کریں گے کیونکہ تاخیر سے شکوک وشبہات پیدا ہو رہے ہیں۔
پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 21 جنوری کو اسرائیل نامنظور ملین مارچ ہوگا۔ 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ ہوگا۔ کشمیر کا سودا کرنے کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 فروری کو حیدر آباد میں تاریخی ریلی ہوگی، 13 فروری کو سیالکوٹ جبکہ 16 فروری کو پشین میں جلسہ ہوگا۔ اس کے بعد 23 فروری کو سرگودھا میں جلسہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ 27 فروری کو خضدار میں ریلی کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کا فیصلہ ہوگا۔ پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا۔