Site icon Meritnews

قومی مفاد کو مقدم جانئیے

تحریر:سلمان احمد قریشی

پاکستان میں غداری اور خوداری، یہود کے آلہ کار اور اسلام پسندی کی بنیاد پر سیاست نئی بات نہیں۔ قائد اعظم اور فاطمہ جناح کے مخالفین بھی ایسے گھٹیا الزامات لگاتے رہے ہیں۔وقت کے ساتھ ساتھ ایسے بیانیے بنائے جاتے رہے۔ محبِ الوطن سیاستدان غدار بھی ٹھہرائے گئے اور اسلام سے وابستگی بھی مشکوک قرار دینے میں عار محسوس نہیں کی گئی۔ شومئی قسمت کہ جمہوریت بھی آئی لیکن یہ چلن نہ بدلا۔قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے والے اپنے ایجنڈے پر قائم رہے۔
قارئین کرام! سیاست میں اختلاف اور مفاہمت جمہوریت کا حسن ہے۔ بہترین سیاسی نظام میں اختلاف شخصیات سے نہیں جماعتی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف پالیسی کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ قومی ایجنڈا پر تقسیم اتنی گہری نہیں ہوتی جیسی صورتحال کاآج ہمیں سامنا ہے۔75 سال کا طویل سفر طے کرنے کے باوجود ہم سیاست میں اختلاف نہیں بلکہ عدم برداشت کی پالیسی ہی دیکھتے ہیں جیسا کہ مقبولیت کے لیے سیاسی جماعتیں اپنے پروگرام کی بنیاد پر نہیں محض مخالفین پر الزامات لگا کر مقبولیت حاصل کرتی ہیں یہاں تک کہ قومی سطح کے لیڈر بھی جب بات کرتے ہیں تو ان کا موضوع اپنا منشور اور پالیسی نہیں ہوتے بلکہ سیاسی مخالفین ہی ہوتے ہیں۔
عہد رواں میں پاکستان کی سیاست میں عدم برداشت اور مخالفت برائے مخالفت تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ قومی سطح پر کوئی ایک رہنما ایسا نہیں جو معاملات کو بہتری کی طرف لا سکے اگرچہ مقبولیت میں عمران خان سرِفہرست ہیں اور و ہ مفاہمت اور اتفاق رائے کو گالی سمجھتے ہیں۔سیاسی لڑائی میدانِ سیاست سے باہر ریاستی اداروں تک کو اپنی لپیٹ میں لے چُکی ہے۔ اداروں اور ان کے سربراہان کی عزت و تکریم کو بھی ملحوظِ خاطر نہیں رکھا جاتا بلکہ عوامی اعتماد کو ڈانواں ڈول کرنے کے لئے باقاعدہ مہم بھی چلائی جاتی ہے۔ جس کا دل کرتا ہے اداروں پر چڑھ دوڑنے کی خواہش کا کھلے بندوں اظہار کرتا پھرتا ہے۔
خوداری کی آڑ میں ملکی مفاد کے خلاف بھی منصوبہ سازی ہوتی ہے۔ جمہوریت کو مضبوط کرنے کی آڑ میں افواجِ پاکستان کے کردار پر سوالیہ نشان لگانے کی مذموم کوششیں کی گیئں۔سب جماعتیں صرف اپنے لئے کسی نہ کسی سطح پر فوج کی حمایت کی خواہشمند رہی ہیں۔ لیکن جب ادارے کی جانب سے غیر جمہوری حمایت میسر نہیں آتی تو عسکری اداروں پر الزام تراشی شروع کر دی جاتی ہے۔ افواجِ پاکستان جو ملکی سلامتی کی ضمانت ہے اس پر بھی دباو ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ایک وقت میں افواجِ پاکستان اور حکومت کا سیم پیج پر ہونا قابلِ ستائش جبکہ سیاسی پوزیشن کی تبدیلی کے ساتھ ہی نیوٹرل کردار جو آئینی تقاضے کے مطابق ہو اس پر بیہودہ مہم چلانا بھی ہماری سیاست کا حصہ ہے۔اس سیاسی عدم استحکام اور پالیسی میں تسلسل نہ ہونے کا تمام تر نقصان پاکستان اور عام آدمی کو بگھتنا پڑ رہا ہے۔ معیشت بدحال، عام آدمی مہنگائی سے نڈھال ہر طرف آہ و پکار ہے۔سب ہی مجرم، سب ہی وطن دشمن سب ہی غدار،یہ ہے سیاست کا چلن جس کے ہم ہیں شکار۔
رواں ہفتہ کے آغاز پر پاکستانی ذرائع ابلاغ پر دو مبینہ فون کالز کی آڈیو نشر کی گئی جن میں شوکت ترین کو پنجاب اور کے پی کے، کے وزراء خزانہ محسن لغاری اور تیمور جھگڑا سے الگ الگ آئی ایم ایف سے معاہدے کے تناظر میں وفاقی حکومت کو جواب دینے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔اس آڈیو میں اِنھیں محسن لغاری کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب کی کمٹمنٹ دی ہے، آپ سب نے سائن کیا ہے۔ آپ نے اب کہنا ہے کہ ہم نے جو کمٹمنٹ دی تھی وہ سیلاب سے پہلے دی تھی۔ اب کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہمیں بہت پیسا خرچ کرنا پڑے گا۔ آپ نے اب یہ لکھنا ہے کہ اب ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کر پائیں گے، یہی لکھنا ہے آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔
دوران گفتگو وزیر خزانہ پنجاب محسن لغاری نے جب یہ سوال کیا کہ کیا اس سے ریاست کو نقصان نہیں ہو گا جس پر شوکت ترین نے کہا کہ یہ جس طرح چیئرمین (عمران خان) اور دیگر کو ٹریٹ کر رہے ہیں، اس سے ریاست کو نقصان نہیں ہو رہا؟دیکھو یہ تو ضرور ہو گا کہ آئی ایم ایف کہے گا، پیسے کہاں سے پورے کریں گے۔ یہ مِنی بجٹ لے کر آ جائیں گے۔ یہ ہمیں مس ٹریٹ کر رہے ہیں اور ریاست کے نام پر بلیک میل کر رہے ہیں، ہم ان کی مدد کرتے جائیں، یہ تو نہیں ہو سکتا۔اسی گفتگو میں انھیں یہ بھی کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہم ایسا سین کریں گے کہ ایسا نظر نہ آئے کہ ہم ریاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
آئی ایم ایف پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی یہ کوشش قابلِ افسوس ہی نہیں قابلِ شرم بھی ہے۔صرف سیاسی مفاد کے لیے ریاست اور عام آدمی کے لیے مشکلات بڑھانا یہ سیاست نہیں۔یہی وجہ ہے آج سیاست دانوں کے ساتھ سیاست بھی رسوا ہو رہی ہے۔ہم جمہوریت اور غیر جمہوری طاقتوں کے کردار پر بات کرنے سے پہلے اس روش پر غور کر لیں کہ ہم کس حد تک چلے جاتے ہیں صرف اقتدار کے لئے ذاتی مفاد کے لیے۔
ایسے میں کون یقین کر سکتا ہے کہ سیاست عوام کے لیے ہے جہاں اقتدار منزل ہواور ایک فرد کی ذات سب سے اوپر ہو۔ایسے میں پاکستان کیسے آگے بڑھ سکتا ہے۔ ملک چلانے کے لیے بجٹ خسارہ کیسے پورا ہوگا۔۔۔۔؟ اس کا جواب کسی کے پاس نہیں اور کوئی دینا بھی نہیں چاہتا۔آئی ایم ایف پروگرام کے سب ہی مخالف، سب ہی اس میں شامل ہوتے رہے۔آج بہت کڑی شرائط پر آئی ایم ایف نے نے پیکچ کی منظوری دے دی۔امید ہے رواں ہفتہ میں ایک ارب 17کروڑ ڈالر کی قسط جاری ہو جائے گی۔معشیت سنبھلنے کی امید بنی ہے۔
ہم پاکستان کا مستقبل ایک ہی صورت میں محفوظ بنا سکتے ہیں پہلے سیاست میں شخصیت پرستی اور مخالفت برائے مخالفت کو مسترد کریں۔قومی پالیسی اور واضح ایجنڈا کی تشکیل پر ہی کسی سیاسی جماعت کی حمایت کے لیے نکلیں۔سیاسی شخصیات جنہیں ہم قائدین سمجھتے ہیں انہیں قائد کے منصب تک آنے تو دیں۔جذباتی اور فوری ردِ عمل کے چلن کو بدلیں۔ ہمیں سیاسی جماعتوں میں چھپے مفاد پرستوں اور اپنی ذات کوملک سے اوپر سوچنے والوں کی نشاندہی کرتے رہنا ہے تاکہ پاکستان کو اس اندر اور باہر سے کوئی نقصان نہ پہنچا سکے۔ پاکستان کا فیصلہ عوام کو ہی کرنا ہے اس لیے ہمیں اپنی سوچنے اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہوگا۔

Exit mobile version