وطن کی مٹی گواہ رہنا
تحریر:سلمان احمد قریشی
وطن کی مٹی گواہ رہنا اور اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں جیسے مقبول ملی نغمے گانے والی معروف گلوکارہ نیّرہ نور، دارِ فانی سے رخصت ہوئیں۔انکی آواز کا سحر اور ملی نغمے انکی پہچان ہیں جو باقی رہے گی۔ وطن کی مٹی گواہ رہنا، ملی نغمہ گونجتا رہے گا اور انکی آواز سماعتوں سے ٹکراتی رہے گی سب کچھ ہوگا لیکن نیّرہ نور ہم میں نہیں ہونگی۔یہ دنیا فانی ہے جو بھی آیا اس نے چلے جانا ہے۔ خاک کو خاک میں ہی ملنا ہے لیکن انسان کا خاکی وجود جو کچھ کر جاتا ہے وطن کی مٹی اسی کی گواہی دیتی ہے۔ خدمات اور کردار رہتی دنیا تک تاریخ میں زندہ رہتے ہیں۔جو چلے گئے وہ چلے گئے مگر ان کا نام اور کردار باقی ہے۔انسان اپنے کردار سے زندہ رہتے ہیں۔ہم سب کو معلوم ہے کہ اپنے شہر، صوبے اور مُلک سے محبت ایک فطری جذبہ ہے جو شرعاً بھی پسندیدہ ہے۔
14قارئین کرام! اگست ہو یا 6 ستمبر وطنِ عزیز کے لیے خدمات انجام دینے والے اور مال و جان کی قربانی سے تاریخ رقم کرنے والی ہستیاں ہمارا موضوع رہتی ہیں۔میدانِ سیاست میں اس فکر و نظر کی بہترین مثال فاطمہ جناح اورذوالفقار علی بھٹو ہیں۔ مادرِ ملت کے ساتھ جو سلوک انتخابی سیاست میں کیا گیا اسکا نتیجہ سقوطِ ڈھاکہ کی صورت میں نکلا۔ آج نہ تو کوئی فیلڈ ہے نہ مارشل جبکہ سب فاطمہ جناح کی خدمات کے معترف ہیں۔اسی طرح قائد عوام قرار دیئے گئے ذوالفقار علی بھٹو جنہوں نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا اور ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک بنایاانکے حوالہ سے آج بھی نعرہ گونجتا ہے ”زندہ ہے بھٹو زندہ ہے”۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ بھٹو مر کر امر ہوا۔گیارہ سال اپنے وجود کو منوانے کی تگ و دو کرنے والا آج بے نام ہے۔
بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، عوامی خدمات انجام دینے والے سیاستدان اور دفاعِ وطن پر جان قربان کرنے والے جو ہم سب کے ہیرو ہیں۔شہداء لسبیلہ ہو یا 1965کی جنگ کے ہیرو پاکستان کا بچہ بچہ ان چہروں کو پہچانتا ہے اور ان سے محبت کرتا ہے۔ دوسری طرف وہ بڑے بڑے عہدیداران اور افسران جن کا کردار عمومی رہا وہ گمنام ہیں۔تاریخ کا حصہ تو ضرور ہیں مگر زندہ و جاوید نہیں۔وطن کی مٹی ایسے سب کرداروں کی گواہی دیتی ہے۔سقوطِ ڈھاکہ کے ذمہ داران بھی عیاں ہیں اور ذہنوں میں محفوظ ہیں۔ دوسری طرف شہدا وطن بھی حافظہ سے دلوں میں جا بسے ہیں۔کردار تو سب محفوظ ہیں لیکن فرق صرف مرتبہ کا ہے عقیدت کا ہے۔
آج وطنِ عزیز میں ایک طرف مہنگائی ہے دوسری طرف سیلاب کی تباہ کاریاں ہیں۔عام پاکستانی انتہائی مشکل میں ہے لیکن میدانِ سیاست میں صرف اختلافات نہیں بلکہ ایک دوسرے کو برباد کرنے کا مشن جاری ہے۔ گرفتاریاں ہیں مقدمات ہیں، احتجاج ہے، انتشار ہے، کسی کو عوامی مقبولیت کا خمار ہے اور برسرِ اقتدار ٹولہ ریاست کی طاقت کو سیاسی کارکنان پر استعمال کرنے کو بہادری سمجھ رہا ہے۔ملک میں کے پی کے، بلوچستان، سندھ، جی بی اور ساوتھ پنجاب کے علاقے زیرِ آب ہیں۔ قیمتی جانیں گئیں، گھر مال مویشی سب بہہ گئے لیکن سیاسی دکانداری بند نہ ہوئی۔ فوٹو سیشن روایتی بیانات، وہی الزامات، صدقہ و خیرات کی اپیلیں، ریلیف کیمپ کچھ بھی تو نیا نہیں۔
اس وقت ملک کو دہشت گردی کا خطرہ ہے معیشت تباہ ہے مزید بارشوں کی پیشن گوئی ہے لیکن ہم کراچی کی ایک نشست پر الیکشن کے نتائج پر بحث اور کامیابی پر شادیانے بجا رہے ہیں۔عوامی خدمت اور ترقی کے دعویدار چالیس سال سے حکومت میں آتے رہے آج بھی عوامی تکالیف کم کرنے کی امید جگا رہے ہیں۔نئے پاکستان بنانے والوں نے پرانا پاکستان بھی اچھی حالت میں نہ چھوڑا۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عام آدمی کے لیے بجلی کا استعمال خواب بنا دیا گیا ہے۔ٹیکس لگا کر کچھ کم کر دینا جیسی پالیسی پر متحدہ حکومت کار بند ہے۔بجلی کے بلوں کو لیکر عام آدمی احتجاج پر مجبور ہے جبکہ قائد انقلاب عمران خان اپنے چیف آف سٹاف کی گرفتاری پر احتجاج کرنے میں مصروف ہیں۔
پاک فوج سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں مصروف ہے تو دوسری طرف سیاست میں اپنا سکہ چلانے کے خواہشمند افراد پاک فوج سمیت دیگر اداروں پر بلاجواز تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔سیاسی قیادت کے غیر سیاسی رویے اور سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال نے بہت نقصان کیا۔ آج مسائل ہیں نفرتیں ہیں دعوے ہیں انتقام کی آگ ہے مگر نہیں ہے تو سیاست میں عام آدمی نہیں ہے۔ وطن کی مٹی سب کرداروں کی گواہ ہے اور یہ گواہی تاریخ میں موجود رہتی ہے۔
سیاست میں مفاہمت کے لیے منفرد مقام کے حامل سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ کے صوبائی وزرا سے ملاقات میں کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں اس وقت بارشوں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے ایسے میں ہم سب کو سیاست چھوڑ کر صرف اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی طرف توجہ دینی چاہئیے۔چاروں صوبوں میں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف ہیں۔یہ کتنی دلنشیں اور پر حکمت باتیں ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ اس مشورہ پر عمل کون کرے گا اب اگر عمل کروانے کا فقرہ لکھ دوں تو پھرنام نہاد جمہوریت پسند نشانہ پر لے لیں گے۔ بہتر ہے سیاست دان سیاسی گرداب سے پاکستان کو نکالیں۔
کسی ادارے یا شخص پر تنقید کرنے سے پہلے یہ سوچ لیں کہ ہم حسینیت کے ماننے والے ہیں پھر ہر دور میں یزیدیت کیوں پنپتی رہتی ہے۔ہم زندگی کو عارضی مانتے ہیں پھر یہ فرعونیت کیوں۔۔۔؟ لاقانونیت کیسی۔۔۔۔؟ مخلوق خدا کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے ذمہ دار کیوں کر موجود ہیں۔ یہ وہ سوال ہے جو غور طلب ہے اور اسکا جواب ہمیں اپنے عمل پر غور کرنے سے ہی مل سکتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پہلے ہم جمہوری پرچم تلے ایک ہوں اسطرح قومی پرچم تلے ایک ہونے تک کا سفر جلد مکمل ہو سکتا ہے۔ آج جو دوسرے کے لیے غلط ہے کل ہمارے لیے بھی غلط ہوگا۔ آج جو ناجائز ہے وہ کل بھی ناجائز تھا۔ وطن کی مٹی سبھی کرداروں اور وفاداروں کی گواہ ہے اور گواہ رہے گی۔رچم تلے ایک ہوں اسطرح قومی پرچم تلے ایک ہونے تک کا سفر جلد مکمل ہو سکتا ہے۔ آج جو دوسرے کے لیے غلط ہے کل ہمارے لیے بھی غلط ہوگا۔ آج جو ناجائز ہے وہ کل بھی ناجائز تھا۔ وطن کی مٹی سبھی کرداروں اور وفاداروں کی گواہ ہے اور گواہ رہے گی۔