پشاور: کورونا کیسز میں اضافہ، مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن
پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر مزید پانچ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، لاک ڈاؤن آج شام 6 بجے نافذ ہوگا۔
پشاور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر 5 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں یکہ توت بازار، حیات آباد فیز 4، حیات آباد فیز تھری کے علاقے، ورسک روڈ اور خوشحال ٹاؤن کے مختلف علاقے شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی ہے، صرف ضروری اشیا اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 45 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 908 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 16 ہزار 770 ہوگئی۔
Advertisements