Site icon Meritnews

سالگرہ، جشن آزادی اور خوشیاں

تحریر:سلمان احمد قریشی

سالگرہ دراصل ایک اور سال زندہ رہنے کا جشن منانے کا ایک طریقہ ہے جو اپنے دوستوں،فیملی، اور پیاروں کے ساتھ یادیں بانٹنے اور یہ عزمِ نو کرنا کہ آئندہ بہتر زندگی کی کوشش جاری رکھیں گے۔
سالگرہ منانے اور سالگرہ کا کیک کاٹنے کی روایت کے بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔سالگرہ ایک روایت ہے۔ یہ وہ دن ہے جب انسان پہلی بار اس دنیا میں داخل ہوتا ہے۔ پوری دنیا میں سالگرہ مختلف طریقوں سے منائی جاتی ہے۔گیارہ اگست ہمارا جنم دن ہے یعنی ہماری سالگرہ کا دن، اس دن فیملی اور دوستوں کے ساتھ کیک کاٹنے اور کچھ خوشگوار لمحات کا اہتمام ہوتا ہے۔ زندگی صرف خوشیوں کا نام نہیں یہاں رنج و الم بھی ساتھ میں آتے ہیں۔ یہ خوشیاں نعمت ہیں اور انکا شکر ادا کرنا بھی ضروری ہے۔
قارئین کرام! ہمارا جنم پاکستان کے سنہری دور میں ہوا جب ملک میں عوامی راج تھا اور پاکستان میں ٹیلی وژن کی رنگین نشریات کا آغاز بھی ہوا تھا 11 اگست قائد اعظم کی تقریر کے حوالہ سے بھی خاصا اہمیت کا حامل ہے۔سابق صدرِ پاکستان پرویز مشرف کا جنم دن بھی 11 اگست ہی ہے۔ پاکستان بھی اگست کے مہنیہ میں قائم ہوا۔ اگست میں پیدا ہونے والوں کا برج اسد بنتا ہے۔ علمِ نجوم میں دائرۃ البروج کے 120 سے 150 درجات پر مشتمل حصہ، برج اسد (Leo) کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ پانچواں برج ہے۔ شمس تقریباً 23 جولائی سے 22 اگست تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ اسد عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معانی ببر شیر کے ہیں۔ستاروں اور برج انسانی زندگی پر کیا اثرات چھوڑتے ہیں اس پر یقین کرنے یا انکار کرنے سے ہٹ کر صرف عمل کو اہم سمجھتے ہیں۔اپنی زندگی میں اپنا راستہ اور اپنا کردار منتخب کرنا سب کا حق ہے۔پیدائش کے بعد جب شعور کے دور میں داخل ہوئے تو پاکستان میں اسلامی نظام کی بازگشت سنی، ایشیا کے سرخ ہونے کے نعرے ہمارے حافظے میں محفوظ ہیں۔ آج چار دہائیوں کے بعد بھی دیکھتے ہیں تو نہ ہی اسلامی انقلاب آیا اور نہ ہی ایشیا کی سرخی دُور ہوئی۔لیفٹ اور رائٹ کی سیاست بھی گڈ مڈ ہو گئی۔ آج صرف ایک ہی چیز اہم لگتی ہے وہ ہے سرمایہ لیکن کیسے کمایا یہ اہم نہیں ایسے میں ہم پاکستان کی 75 واں آزادی کا جشن منانے جا رہے ہیں تاہم آزادی کا جشن اور پاکستان کی سالگرہ منانا ضروری ہے۔
یہ دھرتی ہماری ماں ہے اور پاکستان ہماری شناخت ہے۔ہمیں اس تعلق پر فخر ہے۔ اہم نقطہ یہ نہیں کہ اس مٹی نے ہمیں کیا دیا اہم یہ ہے کہ ہم نے اسکی ترقی میں اپنا کردار کس حد تک نبھایا۔آسائشوں کی خواہش ضرور کریں مگر ذمہ داریوں کی انجام دہی کو بھی مدِنظر رکھیں۔ہم نے اپنی حیات دوراں میں ماں کی محبت سے اہم کچھ نہیں پایا۔ والد کی طاقت سے زیادہ کوئی سہارا نہیں ملا۔ میرا تعارف میرے والد ہیں۔ بالکل اسی طرح جیسے پاکستان میری شناخت ہے۔ دوست، ہمدرد بہن بھائی سب کا کردار بہت اہم ہے اسکے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔یہ تعلق یہ رشتے ہی ہیں جن کی وجہ سے انسان کو معاشرتی حیوان کہا جاتا ہے۔ لائف تو سوشل لائیزیشن کا ہی نام ہے۔ سب رشتے خوشی کا باعث ہوتے ہیں اور مشکل میں طاقت ثابت ہوتے ہیں۔تنہا تو صرف جیا جا سکتا ہے خوش نہیں رہا جا سکتا۔
میرے جنم دن کے موقع پر بہت سے دوستوں کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات آئے۔ سالگرہ کے کیک کاٹنے کی رسم بھی مختلف مقامات پر ادا ہوئی۔ میرے دوست آفاق منظر نے سالگرہ کی تقریب میں خوبصورت کلام اپنے شاعرانہ انداز میں ہماری نذر کیا۔ سب دوستوں کی محبتوں کا بہت شکریہ، یہ مخلص دوست ہی میرا سرمایہ ہیں۔اس برس ایک خوشگوار حیرت ہوئی سالگرہ کی مبارکباد کا پہلا پیغام مجھے ڈسڑکٹ انچارچ 1122 اوکاڑہ محترم ظفر اقبال کی طرف سے موصول ہوا۔ سوچنے پر مجبور ہو گیا کہ تربیت اور طبیعت کے ساتھ پروفیشن کتنا شخصیت پر اثر چھوڑتا ہے۔ جب عام پاکستانی کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے تو یہ1122 والے بروقت رسپانس دیتے ہیں۔ یہ نمبر ون محکمہ ہے جس سے کسی کو شکایت نہیں۔ عزیزی ظفر اقبال کو ہمشیہ انسان دوستی کی مثال ہی پایا۔ یہ سوچ اس لیے پیدا ہوئی ایک محکمہ پولیس ہے جس کا کہنا ہے ”پولیس کا کام مدد آپکی” یہ مدد کسی قسمت والے کو ہی وقت پر ملتی ہے۔ ہاں اخبارات کی حد تک ضرور پڑھتے ہیں کہ ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس نے بر وقت کاروائی کی، ایس ایچ او موقع پر پہنچ گئے ملزم یا مجرم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک دفعہ پھر ڈی پی او کی ہدایت کا ذکر ہوتا ہے۔ اس رسمی خبر سے سب کچھ واضح ہوتا ہے کہ اس محکمہ کا کلچر کیا ہے اور ہم بے ہدایتے اخباری نمائندے ڈی پی او کی ہدایت کو خبر کا حصہ بنا کر اپنا معاشرتی کردار واضح کرتے ہیں۔
جشنِ آزادی منانے کا انداز اور وطنِ عزیز کے لیے خدمات دراصل ہماری شخصیت کو اجاگر کر دیتی ہیں۔ آج ہم شکایت کرتے ہیں کہ ہم 75 سال تک منزل پر نہیں پہنچ سکے۔ گِلے شکوے اور ناکامیوں کی لسٹ طویل دیکھتے ہیں تو صرف اس لیے کہ ہم نے اپنا انفرادی کردار ادا نہیں کیا جسکا تقاضا پاکستان ہم سے کرتا ہے۔ محض جذباتی عمل، جیسے جھنڈے لگا کر، سڑکوں پر موٹر سائیکل کے سالنسر نکال کر ریس لگانے، باجے بجا کر آسمان سر پر اٹھانے سے آزادی کی منزل مل جائے گی تو ایسا ممکن نہیں۔ یہ تو وہی عمل ہے جیسے ہم ہر سال اپنی سالگرہ کی رسم تو کرتے ہیں لیکن گزری زندگی پر غور و فکر اور آئندہ اسے بہتر کرنے کا عزم نہیں کرتے۔
کیک کاٹا،تحائف وصول کیے اللّٰہ اللّٰہ خیر صلہ، یہ زندگی اتنی غیر اہم نہیں کہ اس کو اسطرح گزارا جائے۔ سالگرہ یا آزادی کے جشن سے پہلے ضمیر خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے۔ جو وقت گزر گیا سو گزر گیا، حال سے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔عہد کریں اجتماعی خوشیاں تلاش کریں گے کیونکہ انفرادی طور پر آزادی کا جشن روایتی تو ہو سکتا ہے آزادی کے حقیقی تصوراس طرح پایا نہیں جاسکتا۔آزادی کے جشن کا مقصد خوشی کا اظہار نہیں خوشیوں کی تلاش میں خود کو مثبت طور پر میدان عمل میں شامل کرنا ہے۔ آئیں اس یوم آزادی پر عہد کریں کہ خوشیاں پانے کے لیے خوشیاں بانٹنے والے بن جائیں۔

Exit mobile version