سیاسی قیادت سے یکطرفہ عشق کے مضمرات
تحریر: سلمان احمد قریشی
ملک کی موجودہ صورتِ حال اقتصادی اور سیاسی طور پر اتنی بھیانک ہے کہ تصور میں لانے کو بھی جی نہیں چاہتا۔پاکستان کے دیوالیہ تک ہونے کے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلہ میں کمزور ترین سطح پر آ گیا۔ یوٹیلٹی بلز میں اضافہ،مہنگا پیٹرول اور عام آدمی کو مہنگائی کے عذاب کا سامنا ہے۔حکمرانوں کی خرمستیوں، بدعنوانیوں، لوٹ کھسوٹ اور سیاسی قیادت کی نا اہلی کے سبب ملک حالتِ نزع میں ہے۔ اس نازک صورتِحال میں سیاسی محاذ آرائی میں کمی آئی نہ اقتدار کی ہوس کم ہوئی۔ الزامات، سازشیں اور غلام گردش میں ہونے والی سرگوشیوں اور چہ مگوٸیوں نے بھی سیاست کا چلن نہیں بدلا۔ دوسری طرف پاکستانی عوام کا سیاسی قیادت سے یکطرفہ عشق جاری ہے۔ زندہ باد ، مردہ باد، دیکھو دیکھو کون آیا، قدم بڑھاو ہم تمھارے ساتھ ہیں صرف یہ نعرے ہی گونج رہے ہیں۔
قارئین کرام! پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے سنا دیا۔ حکمران اتحاد کے مطابق یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے خلاف ٹھوس فیصلہ ہے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایتی اسے ( کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا ) قرار دے رہے ہیں۔عمران خان کے ووٹرز ممنوعہ فنڈنگ کو خاطر میں نہیں لاتے۔ ایسا ہی ہے جیسے مسلم لیگ(ن) کے سپورٹرز انکی نا اہلی کو نہیں مانتے۔ لیگی کارکنان کو کبھی فرق نہیں پڑتا بھلے وہ ہر دفعہ اپوزیشن میں بیرون ملک چلے جائیں اور حکومت کرنے ہی وطن واپس آئیں۔یہ وہ یکطرفہ عشق ہے جسکا ذکر سطورِ بالا میں کیا گیا۔
ہماری خواہشات جمہوری معاشرے کی ہیں اور عمل شخصیت پرستی والا، اس اعتبار سے پاکستان ایک غیر آسودہ خواہشات کا معاشرہ بن چکا ہے۔ہماری سیاسی وابستگی کا کوئی مقصد ہے اور نہ کوئی جہت صرف ایک دوسرے کو نیچا دِکھانے کے سوا کچھ نہیں۔اس لیے سارا معاشرہ منتشر ہے۔معاشرے میں اب کوئی چیز اپنی اصل شکل اور صحیح حالت میں نہیں ہے۔ جو نظر آتا ہے وہ اصل نہیں اور جو اصل ہے وہ نظر نہیں آتا۔ایسے میں عام آدمی کے دیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت متاثر کیونکر نہ ہو۔ یہ معاملہ یہیں نہیں رکتا اگر کوئی آئینہ دکھانے کی کوشش کرتا ہے تو ہم آنکھیں بند کرلیتے ہیں۔سوچتے نہیں۔ہمارے حالات کچھ یوں ہیں۔ جیسے اَن پڑھ آدمی انگریزی فلم ذوق و شوق سے دیکھتا ہے۔ صرف آسودہ پہلو فلم میں دیکھ کر اپنی زندگی بھی آسودہ کرنا چاہتا ہے۔چند منٹ یا کچھ زیادہ وقت جذباتی کیفیت طاری ہو بھی جاۓ تو اسکے بعد پھر سے حقیقت پریشان کرنے لگتی ہے لیکن کارکنان حقائق ماننے کو تیار نہیں۔
سیاسی شخصیات کے لیے کوئی مشکل نہیں وہ ہر حال میں پاپولر ہیں۔انکی باتیں غریب عوام کے لیے ہیں جبکہ غریب آدمی سیاست میں عملی طور پر کہیں بھی موجود نہیں ہے۔ستم ظریفی یہ کہ ہم جلسے جلوسوں میں بہت جذباتی ہوتے ہیں۔ قائد کے لبوں سے اپنی مشکلات کا سن کر خوش ہوتے ہیں۔ نعرے مارنے یہاں تک کے مرنے مارنے پر تیار رہتے ہیں۔اگر لیڈر کے ساتھ اتفاقیہ ایک عدد سیلفی بن جائے تو آسمانوں پر پرواز کرنے لگتے ہیں۔
پاکستان کے فہمیدہ اور سنجیدہ حلقے اگر سیاسی قیادت پر تنقید کرتے ہیں تو ان کے خلاف ایک طوفانِ بد تمیزی برپا کر دیا جاتا ہے۔سیاسی قیادت سے محبت کے سبب ہم تمام دکھ جھیلتے ہی جا رہے ہیں۔
اس سیاسی چلن کو دیکھتے ہوئے یہ یقین کرنا پڑتا ہے کہ ہمارا سیاسی شعور کتابی یا فلمی شعور ہے جبکہ ہمیں پیدا ہونے کے بعد پسماندگی ملتی ہے ۔ہوش سنبھالتے ہی رزق کی تلاش اور فِکر ساتھ ہوتے ہیں ہم اپنے حقوق کی بات خود نہیں کرتے صرف لیڈران کے آگے پیچھے ناچنے کا کردار ہی اپنے لیے پسند کرتے ہیں۔
ہم جس طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اس طبقے سے محبت نہیں کرتے۔ اگر کوئی بائی چانس آگے آ بھی جائے تو اس کی ٹانگیں بھی کھینچتے ہیں۔
اپنی تقدیر سے خود کھلواڑ کر رہے ہوتے ہیں لیکن پھر بھی سب مسائل کی ذمہ داری مخالف سیاسی قیادت کو سمجھتے ہیں۔ اب بہتر ہے سمجھ لیں کہ پہلے خود کا احتساب کریں، خود کی سیاست کریں اپنی ذات کو استحصالی نظام کا حصہ نہیں بناٸیں گے تو پھر یقیناً بہتری کی طرف جائیں گے۔ کسی دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی روایت ختم کرنا ہوگی۔اس عمل سے زندہ باد، مردہ باد کے نعرے لگانے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔یکطرفہ عشق سے توبہ کر لیں صرف یہی دیکھ لیں کہ آج جب سیلاب سے بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں تباہی ہے موت نے پاکستانیوں کو آن لیا۔ سیاسی قیادت فوٹو سیشن کرتی ہے جبکہ افواجِ پاکستان کے افسران امدادی کاموں میں عملی طور پر شریک ہیں۔ سب نے دیکھا کہ قیمتی جانیں تک اس وطن پر قربان ہوئیں۔ہیلی کاپڑ کے حادثہ میں چھ شہادتیں ہمیں دعوتِ فکر دیتی ہیں کہ اپنے لیے سوچیں اپنے وطن کے لیے سوچیں یہ سیاسی حواری کا کردار اب بند کر دیں۔ سیاست کریں صرف اور صرف پاکستان کے لیے ، اپنے لیے اور عوام کے لیے۔