• ٹوئٹر انتظامیہ ایلون مسک کے خلاف عدالت پہنچ گئی

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے تو ٹوئٹر انتظامیہ کی طرف سے مقدمہ درج کرانے کی دھمکی مذاق میں اڑا دی تھی تاہم ٹوئٹر انتظامیہ نے دھمکی پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر پرہی ایک ٹویٹ کے ذریعے ٹوئٹر کو 44ارب ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی جسے ٹوئٹر انتظامیہ کی طرف سے ٹھکرا دیا گیا تاہم بعد ازاں انتظامیہ رضامند ہو گئی اور ایلون مسک کے ساتھ ٹوئٹر کی خریداری کا معاہدہ کر لیا۔
    ایلون مسک کی طرف سے گزشتہ جمعہ کے روز اس معاہدے کو یہ کہتے ہوئے ختم کر دیا گیا کہ ٹوئٹرانتظامیہ نے پلیٹ فارم کے انضمام سے متعلق معاہدے کی کئی شقوں کی خلاف ورزی کی ہے اور ٹوئٹر پر موجود جعلی اکاﺅنٹس کے متعلق حقیقی معلومات نہیں دیں۔ ایلون مسک کی طرف سے معاہدہ توڑے جانے پر ٹوئٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ وہ ایلون مسک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

    بریٹ ٹیلر کی یہ دھمکی ایلون مسک نے مذاق میں اڑا دی تھی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں اپنی چار تصاویر پوسٹ کیں، جن میں وہ بے اختیار ہنس رہے ہوتے ہیں۔ ان میں سے ہر تصویر پر ایک فقرہ لکھا ہوتا ہے۔ پہلی تصویر پر لکھا ہوتا ہے کہ ”وہ کہتے تھے کہ میں ٹوئٹر نہیں خرید سکتا۔“ دوسری تصویر پر لکھا ہوتا ہے کہ ”پھر انہوں نے کہا کہ وہ ’باٹس‘ (خودکار طریقے سے چلنے والے جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹس)کی معلومات نہیں دیں گے۔“ تیسری تصویر پر لکھا تھا کہ ”اب وہ کہتے ہیں کہ وہ عدالت کے ذریعے مجھے ٹوئٹر خریدنے پر مجبور کریں گے۔“ اور چوتھی تصویر پر لکھا ہوتا ہے کہ ”اب وہ کہتے ہیں کہ وہ عدالت میں باٹس کی معلومات مہیا کریں گے۔“

    398 مناظر