تحریر:سلمان احمد قریشی
پنجاب کے 20صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کو سیاسی حلقوں میں نظریاتی سیاست کی واپسی سے جوڑا جا رہا ہے۔ مفادپرستی جو ہماری سیاست کا جزو بن چکا ہے اس پر عمران خان نے کاری ضرب ضرور لگائی ہے لیکن یہ نظریاتی سیاست کی واپسی نہیں ایک جذباتی ردعمل ہے جو پی ٹی آئی کے ورکرز نے اپنے سابقہ نمائندوں سے برتا۔نظریاتی سیاست اور مفاد پرستی کا اصل معرکہ تو تب ہوگا جب سیاسی جماعتیں مکمل طور پر جمہوری اصولوں کو اپنائیں گی۔ شخصیت پرستی کے موجودہ چلن میں بحث و مباحثہ میں نظریاتی سیاست کا ذکر ضرور ہوتا ہے عملی طور پر نظریاتی سیاست زوال کی آخری حدود کو چھو رہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی نظریاتی سیاست کا خاتمہ انکے اقتدار کے ساتھ ہوا۔ اسکے بعد ضیاء الحق نیسیاسی سٹیج ایسا سجایا کہ پاکستان میں پاور پولیٹکس نے اپنی جگہ بنائی جس سے سب متاثر ہوئے۔مسلم لیگ ن پاور پولیٹکس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ پنجاب میں بااثر اور دھن دولت سے مالامال شخیصات نے اپنی اجارہ داری ایسی قائم کی جو ختم ہونے میں نہیں آتی۔ پاکستان پیپلز پارٹی جو نظریاتی اساس رکھتی تھی وہ بھی پنجاب میں مقابلہ کے لیے شخصیات کی محتاج ہوگئی۔ ورکرز جو جیالے کے نام سے جانے جاتے تھے آہستہ آہستہ گمنام ہوتے چلے گئے۔ شاہ محمود قریشی، صمصام بخاری جیسے گدی نشین، وٹو، راوسکندر جیسے بڑے زمیندار پی پی پی کی پہچان بنے۔ پی پی پی پنجاب سے دستبردار ہوئی تو اس خلا کو عمران خان نے پر کیا۔ تمام سیاسی کردار تبدیلی قافلہ میں شامل ہوگئے۔پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی اصل حریف کے طور پر سامنے آئے۔ دونوں جماعتوں کا نظریہ حصول اقتدار تھا۔اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ، رہنمائی اور تعاون سب جائز ٹھہرا۔ سیم پیج یا کتاب ہی بند بس یہی سیاست رہی۔
قارئین کرام!تبدیلی اور انقلاب کے نام پر جنوبی ایشیامیں عام آدمی کے نام پر سب سے بڑادھوکہ بھارتی دارالحکومت دہلی میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیاب ہونے والی سیاسی جماعت ’عام آدمی پارٹی‘ نے کیا۔عام آدمی پارٹی نے درمیانے طبقے بالخصوص شہری مڈل کلاس کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے کرپشن کے خاتمے اور صاف پاک قیادت کے نام پر فسطائیت کی راہ اپناتے ہوئے اپنی جگہ بنائی۔نظریاتی بانجھ پن اور اقتدار کی موقع پرستی نے سیاست میں یہ خلا پیدا کیا تھا۔عام آدمی پارٹی نے اس خلا کو پر کرنے کیلئے فسطائی رجحانات، درمیانے طبقے اور ہندو انتہا پسندی کو اپنا ہتھیار بنا لیا۔ اسی کیفیت میں محنت کش طبقہ انتقامی ووٹ کی صورت انتخابات میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔مگر اس تبدیلی کا فائدہ عام آدمی کو نہیں ہوا۔ایسا ہی پاکستان میں تحریک انصاف کے 2018میں انتخابات جیت کر حکومت بنانے کے بعد پاکستانیوں کے ساتھ ہوا۔ ایسا اس لیے ہوا کیونکہ عام آدمی پارٹی کا آغاز اور بنیادیں پاکستان میں عمران خان کی تحریک انصاف سے مماثل ہے۔ اروند کیجریوال نے کرپشن کے خلاف اس جنگ میں ماضی کے کرپٹ سیاسی رہنماؤں کو بھی اپنے ساتھ ملانے میں کوئی عار محسوس نہیں کی۔ کرپشن کے خلاف عمران خان نے تحریک کا معیار انکے ساتھ منسلک ہونے کو قرار دیا۔ سابقہ حکومتوں کے روایتی سیاستدانوں کو بڑی تعداد میں پارٹی میں شامل کیا۔ یہ سیاسی شخصیات تبدیلی سرکار کا حصہ بنیں اور پھر اقتدار سے عمران خان کی رخصتی کا باعث بھی یہی شخصیات بنیں۔ عمران خان اور اروند کیج یوال نے اقتدار میں آنے کیلئے اور اس کے بعد سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے جھوٹ کو اس تواتر سے پھیلایا کہ کوئی کام نہ کر کے بھی یہ دونوں لیڈروں کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آنے دی گئی۔عمران خان جمہوری طریقہ سے اقتدار سے رخصت ہوئے لیکن انہوں نے کمال مہارت سے غیر ملکی مداخلت کا بیانیہ بنایا۔
آصف علی زرداری کے گیم پلان میں پنجاب کی وزرات اعلی چوہدری پرویز الہی کے لیے مختص تھی۔ اس پلان میں حادثاتی طور پر تبدیلی آگئی۔ پرویز الہی پی ٹی آئی کے ساتھ منسلک رہے اور مسلم لیگ ن نے پنجاب کی وزارت اعلی پر بھی ہاتھ صاف کیے۔ لوٹا کریسی اور اقتدار کے لالچ کے اس کھیل میں عدالتی فیصلہ سے حالات بدل گئے۔پی ٹی آئی کے 20منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا فیصلہ ہوا۔ مسلم لیگ ن نے ان منحرف اراکین کو اپنی پارٹی کا ٹکٹ دیا۔ عمران خان خم ٹھوک کر انکے خلاف میدان میں اترے۔ اب پی ٹی آئی ہار جاتی تودھاندلی کا بیانیہ تیار تھا۔ کامیابی کی صورت میں نظریاتی سیاست کی فتح۔
مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ چھوڑ کر مفاد پرستی کی سیاست پر انحصار کیے ہوئے تھی جبکہ عمران خان امریکہ مخالف بیانیہ ساتھ لئے مفاد پرست ٹولے کے خلاف برسرپیکار تھے۔عام آدمی مہنگائی سے تنگ تھا۔ آصف علی زرداری اپنی سیاسی چالوں کے زریعے ٹارگٹ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ اس ماحول میں نظریاتی سیاست ڈھونڈے سے بھی کہاں ملتی؟الیکشن سے قبل صحافی احمد اعجاز جن سے راقم الحروف سوشل میڈیا کے زریعے منسلک ہے، انہوں نے انتخابی نتائج کا تجزیہ پیش کیا تھا جو حرف بحرف حسب سابق مکمل درست ثابت ہوا۔ انہوں نے اپنی کمال مہارت سے ضمنی انتخابات کے نتائج سے قبل از وقت آگاہ کیا۔ انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ سیاسی قیادت اور نیشنل میڈیا کے تجزیہ نگار احمد اعجاز کی سیاسی بصیرت کے سامنے اسی طرح چت ہوئے جیسے پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کو چاروں شانے چت کیا۔ مسلم لیگ ن ضلع اوکاڑہ کے صدر و سابق ایم پی اے میاں منیر کو ہم نے نتائج سے قبل احمد اعجاز کے تجزیہ سے آگاہ بھی کیا تھا۔ہماری سیاست میں قیادت کب کسی کی سنتی ہے یہاں تو فیصلے میرٹ پر نہیں حالات کو دیکھ کر ہی کیے جاتے ہیں۔حالات کب ایک سے رہتے ہیں۔سیاسی جماعتوں میں بااثر شخصیات کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔نظریاتی ووٹر اور کارکن اپنی جگہ پر متحرک یا خاموش ہوجاتے ہیں یہی ہماری سیاست کا چلن ہے۔
نظریہ وہ جو مستحکم سوچ کے ساتھ آپ کو عملی زندگی میں قدم اٹھانے پر مجبور کریں۔ نظریہ کا تصور یونانی فلسفہ سے آیا، جہاں اسے تھیوریا کہا جاتا تھا اور اس کا اصل مطلب ” نظر سے دیکھنا یعنی ناظِر” کے تھے، مگر فلسفہ میں غور و فکر یا قیاس کے معنی ہیں۔ نظریہ کو اقدام اور ممارست یعنی تجزیہ کا متضاد سمجھا جاتا ہے۔
ہماری سیاسی حقیقتوں میں سے سب سے بڑی حقیقت یہی ہے کہ سیاسی قیادت کوسمجھوتے کرنے پڑتے ہیں۔وہ نظریاتی کارکنوں اور مفادپرستوں کے درمیان توازن برقرار نہ رکھ سکیں تواسکا نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ نظریاتی کارکن مایوس ہوکر گھروں میں بیٹھ جاتے ہیں۔ہماری سیاست کا المیہ ہے کہ نظریاتی سیاست کے راستے میں حائل ہونیوالی رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش نہیں کی جاتی۔پنجاب کے حالیہ ضمنی انتخابات میں ایک جذباتی ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اس جذباتی ردعمل کو نظریاتی عمل میں بدلنا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے کہ وہ سیاست میں بہتری لاتی ہے یا اپنے لیے راستہ کو ہی غنیمت سمجھتی ہے۔پی پی پی کے کارکن جن کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں انکے لیے بھی یہ ایک سبق ہے کہ قیادت کو نظریاتی سیاست کی طرف واپس لائیں۔پاکستان اور جمہوریت کی بقا نظریاتی سیاست میں ہی ہے۔ یہ سیاسی قیادت کا فرض ہے کہ مفادپرستی کے کھیل کو اپنے سیاسی کارکنان سے مل کر ختم کرنے کی کوشش کریں۔