Site icon Meritnews

کراچی کے مسائل اور حقائق کیا ہیں۔۔۔؟

تحریر:سلمان احمد قریشی

حالیہ بارشوں اور شہری سیلاب کے بعد سے یہ بحث زدعام ہے کہ شہر کراچی کے مسائل کیا ہیں اور ان کا حل کیا ہے؟ ہر شخص اپنے فہم اور سیاسی وابستگی کے تحت رائے دے رہا ہے۔ اس بحث و مباحثہ کے پیچھے آئندہ ہونے والے بلدیاتی الیکشن بھی کارفرماہیں۔کراچی کی مئیر شپ کے لیے سیاسی جماعتیں الزامات کے ذریعے کرامات کی خواہش مند ہیں۔ملکی میڈیا سے لے کر سوشل میڈیا تک یہی مہم جاری ہے کہ کراچی کے مسائل کی تمام ترذمہ داری پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پر عائد کردی جائے۔آج بھی ایک طبقہ کراچی کے مسائل کا حل ایم کیوایم کی کامیابی کو سمجھتا ہے تو وہ گزشتہ تیس سال سے ایم کیو ایم کے کراچی کے مینڈیٹ، مئیرشپ ہونے کے باوجود بہتری کی کوئی ایک مثال پیش نہیں کرسکتا۔پی ٹی آئی نے کراچی سے ایم کیو ایم کا مینڈیٹ 2018کے انتخابات میں چھین لیا۔اب ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے سیاسی اتحاد نے کراچی کو کیا دیا یہ سوال بھی اپنی جگہ موجود ہے۔
حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں تباہی ہوئی۔اسلام آباد،کے پی کے،بلوچستان،لاہور سمیت پنجاب کے تمام شہر بارشوں سے متاثر ہوئے۔صفائی ستھرائی کا نظام کہیں بھی مثالی نہیں رہا۔مسائل ہر جگہ موجود ہیں۔لیکن اچانک ہر طرف سے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک بار پھر آوازیں بلند ہونے لگیں۔ ان آوازوں میں الزامات تھے، غصہ تھا، بے وفائی کے شکوے اور سرد مہری کے برتاو کا رونا بھی۔ یہی وہ بنیادی نقطہ ہے جو کراچی کی عوام اور تمام باشعور پاکستانیوں کے لیے سمجھنا ضروری ہے۔ مسائل ہر طرف لیکن کراچی کے ہر مسئلہ کو لیکر اس طرح کا رویہ کیوں۔۔؟میڈیا پر ہمیشہ کراچی کے حوالہ سے ایسی ہی خبریں کیوں آتی ہیں کیا کراچی میں کچھ بہتر نہیں ہوا۔آخر لاہور کو کراچی کے مقابلہ میں بہت بہتر بناکر پیش کرنے کے پیچھے کونسی خواہش کی تکمیل کارفرما ہے یہ کراچی کے مسائل سے زیادہ اہم نقطہ ہے۔
قارئین کرام! کراچی کے مسائل اور میڈیا وار کو سمجھنے کے لیے تاریخ کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔کراچی شہر کی بنیاد 1729 میں بلوچستان اور مکران سے تعلق رکھنے والے بلوچ قبیلوں نے رکھی جسے کلاچی کہا جاتا تھا۔’کلاچی سے گوٹھ اور آہستہ آہستہ کراچی بنا۔1843 میں انگریز نے سندھ پر مکمل فتح پانے کے بعد کراچی کو سندھ کا دارالحکومت بنایا اور پھر 1854میں یہاں کراچی پورٹ قائم ہوئی۔1911میں کراچی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ ملنے کے بعدپہلے میئر سیٹھ ہرچند رائے وشنداس نے عملی طور پر جدید کراچی کی بنیاد رکھی۔قیام پاکستان کے وقت کراچی سندھ کا سب سے بڑا شہر تھا اور اس کی آبادی 4لاکھ تھی۔
آج کراچی شہر کا ایک بنیادی مسئلہ یہ کہ اس شہر کی آبادی کتنی ہے؟ 2017 میں کی گئی مردم شماری کے مطابق شہر کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ ہے جبکہ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ اس شہر کی آبادی ڈھائی کروڑ سے زائد ہے تو بنیادی مسئلہ یہ ہوا کہ بقیہ ایک کروڑ آبادی کے لئے جو وسائل درکار ہیں ان کا کیا ہوگا؟ وہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مردم شماری میں دکھائی گئی آبادی حقیقی آبادی کے برابر نہ ہو-جب شمار صحیح نہیں جائے گا تو جامع پلان کیسے بن سکتا ہے بہتری کی امید کیسے رکھی جاسکتی ہے۔دوسری طرف لاہور میں نواحی دیہی علاقوں کو شہری علاقے شمار کیا گیا اور آبادی میں اضافہ دکھایا گیا۔یہ معاملہ اس سے بھی زیادہ پیچیدہ ہے کیونکہ کراچی کی آبادی غیر فطری طریقے سے بڑھی یعنی پاکستان کے دیگر علاقوں سیحتیٰ کہ بیرون پاکستان سے لوگ کراچی میں آکر آباد ہوئے۔ اب سیاسی طور کراچی لسانی بنیادوں پر تقسیم ہوا۔ کراچی سے قومی مینڈیٹ نہیں آیا۔حکومت نے سیاسی بنیادوں پر کراچی کو نظر انداز کیا۔ اسلام آباد میں کراچی کے نمائندے حکومت کا حصہ تو اتحاد کی صورت میں بنتے رہے لیکن اسلام آباد، صوبہ سندھ اور کراچی میں ایک جماعت کامیاب نہیں ہوسکی۔ کراچی کا مینڈیٹ الگ ہی رہا۔ یہاں محبتوں سے زیادہ نفرت کے نام پر ووٹ پڑے۔کراچی مسائل کا شکار ہوتا چلا گیا۔ باہر سے آنیوالے لوگوں کے لیے حکومتی جانب سے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی۔
کراچی کے مسائل سے انکار نہیں لیکن یہ کوِئی ایسے مسائل نہیں جو پاکستان کے دیگر شہروں میں نہ ہوں۔ کراچی میں یہ مسائل اپنے حجم اور آبادی کے حساب سے ہیں۔پورے پنجاب کا بجٹ لاہور پر لگانے اور ایک میڑوبس اور اورنج ٹرین کو ترقی کی علامت قرار دینے والے صرف کراچی کی عوام میں مایوِسی پھیلانا چاہتے ہیں۔ پاکستان بھر سے روزگار کے مواقع کی تلاش میں کراچی میں گم ہونے والی آبادی تباہی کا بنیادی سبب ہے۔مسائل تو کراچی کے بہت ہیں لیکن اس تواتر سے ان کو اجاگر کرنے کا مقصد آخر کیا ہے؟ یہی کہ ایک عام شہری ان مسائل کے باعث ذہنی اذیت کا شکار ہوں جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباو اور دیگر نفسیاتی مسائل کا شکار بھی ہوتے چلے جا ئیں۔اسطرح لوگوں میں عدم برداشت کا رویہ بڑھے گا۔ مقصد کراچی میں اپنا سیاسی تسلط قائم کرنا ہے۔ یہاں کراچی کے مسائل کا حل انکامقصد نہیں۔ہر طرح کے طنز اور سندھ حکومت کے خلاف کراچی میں نفرت بڑھانا ہے۔
اگر لاہور یا پشاور بہت بہتر شہر ہیں وہاں مسائل نہیں صرف کراچی ہی برباد ہے اس رائے کے حامل افراد اس بات کا جواب بھی اپنے شہریوں کو ضرور دیں آخر کراچی آج بھی غریب کو کیسے سنبھال لیتاہے۔ برطانوی مالی جریدے ’دی اکانامسٹ‘ کے اکنامکسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست2021 کے مطابق سستے ترین شہروں کی فہرست میں 173 شہروں کو شامل کیا گیا۔ دنیا کے سستے ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔بھارت کا شہر احمد آباد 7ویں نمبر پر ہے۔اورنج ٹرین والا لاہور اور بی آر ٹی والا پشاور شامل نہیں۔دنیا کا ساتواں اور پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی بارش سے متاثر ہوتا ہے تو اسکی ذمہ دار سندھ حکومت ہے جو یہاں صوبہ سندھ میں برسراقتدار ہے جبکہ پاکستان کے دیگر شہروں میں پانی کے کھڑا ہونے کو ایک چھوٹی سی خبر کے ساتھ معاملہ کو ختم کردیا جاتا ہے۔یہاں صوبائی حکومت کا ذکر تو بہت دود کی بات ہے۔کراچی کی بارشوں کو لیکر پروگرام اور تنقید کے نشتر پی پی پی پر جاری رہتے ہیں۔ انکے نزدیک وہ سیاسی جماعتیں جن کے پاس کراچی کی مئیر شپ رہی بری الذمہ ہیں۔
کراچی کے مسائل کے حل کا بنیادی نقطہ غیر متنازعہ مردم شماری ہے۔ اسکے علاوہ ہم کراچی کی جانب نسلی تعصب کے بغیردیکھیں یا اسے کسی ایک پارٹی یا گروہ کے شہرکے طور پر دیکھنا بند کریں۔کراچی کی عوام اپنا مینڈیٹ قومی جماعت کو دے۔ لسانی بنیاد پر کی گئی سیاست تباہی لے کر آئی۔سب کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ شہر سندھ ہے اور سندھ پاکستان ہے۔ میڑوبس یا اورنج ٹرین نے روزگار پیدا نہیں کیے۔روزگار کے لیے پورا پاکستان آج بھی کراچی کی طرف رخ کرتا ہے کراچی سے پیار کرنا سب پر فرض ہے تنقید برائے اصلاح درست لیکن اس تنقید کو نفرت پھیلانے تک نہ لے کر جائیں۔سندھ حکومت اور کراچی کی عوام میں خلیج پیدا کرنے کی کوششیں بند ہونی چاہئیں بصورت دیگر کراچی کا بھلا ہوگا نہ پاکستان کا۔

Exit mobile version