• جائز کرپشن

    تحریر جاوید کمیانہ
    سابق وزیراعظم عمران خان صاحب نے گزشتہ کچھ سالوں سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف کرپشن کا جو بیانیہ اپنایہ ہوا ہے اس کا پول معروف اینکر عمران ریاض خان نے کھول دیا ہے۔چند روز قبل اسلام آباد کی ایک تقریب کے دوران جزباتی انداز میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ویڈیوز دکھائی گئیں اور تفتیشی افسران سے ملوایا گیا اب ہم وہ بیانیہ کیسے تبدیل کریں۔تو بھائی بالکل نہ کریں عمران خان صاحب جہاں ایک طرف خود مقتدر حلقوں پر تنقید کر رہے ہیں دوسری طرف چند مخصوص صحافیوں کا گروہ بھی اس کار خیر میں برابر کی شراکت داری قائم رکھے ہوئے ہے۔مگر عمران خان کے دور حکومت میں نام نہاد نیب بھی جس طرح محض اپوزیشن کے ارکان پر مقدمات قائم کرتی تھی اور ان کے اپنے وزراء کو استثنیٰ حاصل تھا بالکل اسی طرح ان جانبدار صحافیوں کو بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی کرپشن ہی نظر آتی ہے خان صاحب کی ٹیم میں کرپشن کرنے والے افراد ان کی پہنچ سے دور ہیں اور فرح خان عرف گوگی یا سابقہ خاتون اول کے بارے میں مبینہ کرپشن کی تفصیلات سامنے آنے کے باوجود ان کا دفاع کرنا اس بات کی غمازی ہے کہ خان صاحب کے حلیفوں کے لیے کرپشن جائز ہے۔میں اس عمل کا حامی ہوں کہ کرپشن کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے اور اچھی شہرت کے حامل سینیئر ریٹائرڈ افسران پر مشتمل نیب کی تشکیل نو ہونی چاہیے جو تمام کرپٹ عناصر کے خلاف مربوط پالیسی مرتب کر کے پیسے اکٹھے کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے۔
    اب بات کرتے ہیں کہ عون چوہدری حلف دے چکے ہیں کہ میں نے خان صاحب کے گوش گزار کیا تھا کہ آپ کو خواب پر مبنی پوسٹنگ ٹرانسفر بتائی جاتی ہیں مگر آگلے روز لاہور میں پیسوں سے بھرا بریف کیس لاہور پہنچایا جاتا ہے مگر نتیجہ یہ نکلا کہ عون چوہدری کو پس پشت ڈال دیا گیا۔موجودہ حکومت فرح خان اور بشری بی بی کے کرپشن کے ثبوت سامنے لائی مگر پہلے خاں صاحب بعد ازاں انکی ٹیم دفاع کے لیے میدان میں آ گئی۔حالیہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آیڈیو میں بشری بی بی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کو ہدایات جاری کر رہی ہیں کہ کیسے اپنے سیاسی حریفوں کو غدار بنانا ہے اور مجھے اور فرح خان کے لیے دفاعی مورچہ تیار کرنا ہے۔یہ ایمانداری کی ایک ایسی مثال ہے کہ دو ماہ قبل میں ایک شادی میں شریک تھا اور وہاں موجود ایک ریٹائرڈ پٹواری جس کی کرپشن کے چرچے تھے وہ کہہ رہا تھا کہ عمران نے عوام کو شعور دیا ہے کہ ملک کو چوروں سے کیسے نجات دلانی ہے اور ہم عمران کا ساتھ دیں گے۔میری بے ساختہ ہنسی نکل آئی۔ایک اور مثال سمجھانے کے لیے دیتا ہوں کہ میرے نام پر میرے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کرپشن کریں میرے علم میں بھی ہو مگر میں کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر لوں تو میں کیسا ایماندار شخص ہوا ؟ میں اس جرم میں برابر کا شریک ہوں مگر عمران خان صاحب اور انی منظم سوشل میڈیا ٹیم و کابینہ کے نزدیک صرف مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی والے ہی کرپٹ اور چور ہیں مگر پاکستان کا وہ تعلیم یافتہ اور شعور رکھنے والا طبقہ خان صاحب کے بیانیہ کی نفی کرنا شروع ہو گیا ہے اور اس کے ذہن میں یہ بات سرائیت کر رہی ہے کہ کرپشن کو تحفظ فراہم کرنا ایمانداری نہیں ہوتی۔۔۔

    202 مناظر