تحریر
شاہدرشید
اکیلے اور تنہائی میں بہت فرق ہے میرا خیال ہے کہ اکیلا ہونا کوئی منفی اور خطرناک بات نہیں ہے ۔ جتنے تخلیقی کام ہیں وہ انسان اکیلے میں انجام دیتا ہے۔ آپ اکیلے میں خود سے کلام بھی کرتے ہیں۔ اردگرد پر گہری نظر ڈالتے ہیں۔ آپ اپنے رویئے اور ردعمل کا جائزہ بھی لیتے ہیں کہ میں نے کسی کے ساتھ زیادتی تو نہیں کر دی مجھ سے کوئی غلطی تو نہیں ہو گئی ہم اکیلے میں کچھ بہتر کرنے کی پلاننگ بھی کر سکتے ہیں؟ آگے کا بھی سوچ سکتے ہیں ۔ اکیلے رہ کر آپ کتاب کا مطلعہ کر سکتے ہیں کوئی فلم یا موسیقی سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں اکیلے میں آپ جو کچھ بھی کرتے ہیں وہ آپ خود کرتے ہیں اور اپنے ہی لئے کرتے ہیں۔اور اگر آپ اکیلے رہتے ہیں تو پھر آپ اکیلے پن کے عادی بھی ہو جاتے ہیں اور آپ کو پھر اکیلا رہنا اچھا لگنے لگتا ہے میری نظر میں آپ ایک کیفیت سے دوسری کیفیت میں جاتے ہیں تو آپ تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اور ایسا وقتی بھی ہو سکتا ہے جس طرح آپ شاپنگ کرنے جائیں تو آپ کے ذہن میں یہ خیال آئے کاش کوئی میرے ساتھ ہوتا تو مشورے سے چیز خرید لیتے ہے تنہائی وہ چیز ہے جو آپ کو لوگوں کے ہجوم میں الگ ہی رکھتی ہے آس پاس ہنستے مسکراتے لوگوں کے بیچ بھی آپ اداس اور دکھی ہی رہتے ہیں۔ کوئی محفل کوئی اجتماع آپ کو خوش نہیں کرتا۔ ہے تو یہ تنہائی لیکن یہ اکیلی بھی نہیں آتی، اپنے ساتھ اور بھی مسلئے لاتی ہے۔ دل بوجھل رہتا ہے، نیند کی کم ہوجاتی ہے، یادداشت کمزور اور خیالات میں الجھاؤ سا رہتا ہے۔ ایک نا معلوم سی اداسی گھیرے رہتی ہے۔ دل کے ساتھ سارا ماحول بھی بجھا بجھا سا لگتا ہے تنہائی جان لیوا بھی ہو سکتی ہے۔ انسان معاشرتی جانور ہے وہ یوں تنہا رہنے کے لئے دنیا میں نہیں آیا۔
