• سائیکل کی واپسی

    تحریر: سلمان احمد قریشی

    عوامی سواری سائیکل جو بِلا خرچ صرف ہمتِ مرداں اور حرکتِ پا سے چلنے والی مشین ہے۔ آہستہ آہستہ سڑکوں سے غائب ہو چکی تھی۔اب مستقبل قریب میں ایندھن سےبے نیازسواری پاکستانیوں کا دوبارہ انتخاب ہو گی۔سائیکل چلانا جسمانی ورزش کی بہترین قسم ہے جو اچھی صحت یقینی بنانے کے ساتھ ہر عمر کے افراد کے لیے مفید ہے۔ سائیکلنگ انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو طاقتور بنانے کے ساتھ مختلف اقسام کے کینسر سے بھی بچاتی ہے۔ سائیکل چلانے سے پٹھوں میں مضبوطی آتی ہے اور جوڑوں کی حرکت بہتر ہوتی ہے ۔سائیکل چلانا دل کی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے یہ انسان کو امراضِ قلب کی مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔ سائیکل چلانے سے دل و خون کی نالیاں اور پھیپھڑے سب مشق کرتے ہیں اور کچھ وقت گزرنے کے ساتھ ہی سانس گہرا ہونے لگتا ہے اور جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے جو کہ صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔سائیکل چلانا جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔ اس سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے۔وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی یہ ایک بہترین ورزش ہے جو جسم میں موجود زائد کیلوریز جلانے میں معاون ہوتی ہے۔ اس سے جسم میں خوراک کی تحلیل کی رفتار بڑھتی اور چربی پگھلتی ہے۔تحقیق کے مطابق ایک گھنٹہ مسلسل سائیکل چلانے سے 300 کے قریب کیلوریز جلائی جا سکتی ہیں۔روزانہ آدھا گھنٹہ سائیکل چلائی جائے تو ایک سال میں پانچ کلو چربی کم کی جا سکتی ہے۔
    دنیا بدلی ، بدلے انداز سائیکل بھی بدل گئی۔دو پہیوں والی انسانی زور سے چلنے والی
    انیسویں صدی کی ایجاد سائیکل میں بھی جدت آتی گئی آج نرم نرم گدیاں، نت نئے ہینڈل، گیئر والے سائیکل،ڈِسک بریک، ایلمونیم سے تیار شدہ سائیکلیں میّسر ہیں۔ سائیکل یوں تو غریبوں کی سواری تھی لیکن امیر طبقہ نے اسے ایکسرسائز کے طور پر بھی استعمال کرنا شروع کیا۔
    ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ موٹر سائیکل بنانے کا آئیڈیا بھی سائیکل سے ہی لیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ موٹر سائیکل عام ہوتی گٸ۔سائیکل کی جگہ موٹر سائیکل نے لے لی۔سائیکل چونکہ ایک سادہ، سستی، قابلِ اعتماد، صاف ستھری اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ذرائع آمد و رفت تھی اس لئے دو صدیوں سے استعمال ہونے والی سائیکل کی اہمیت، انفرادیت اور استعداد کو تسلیم کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 12 اپریل 2018ء کو فیصلہ کیا کہ ہر سال 3 جون کو دنیا بھر میں’سائیکل کا عالمی دن‘ منایا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ نے اس بنیاد پر سائیکل کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے کوشش جاری رکھی۔یورپ میں خاص طور پر سائیکل کا استعمال جاری رہا۔ سائیکل کے لیے الگ ٹریک بنائے جاتے رہے۔
    دنیا کے کئی ممالک نے اپنے ملکوں میں سرکاری سطح پہ ایسے انتظامات کئے ہیں کہ لوگ زیادہ سے زیادہ سائیکل کا استعمال کریں، ان ممالک میں چائنا،ہالینڈ، یورپ، لاطینی امریکہ جیسے دیگر ممالک شامل ہیں۔
    چائنا میں حکومت کے بڑے سے بڑے عہدیدار سے لے کر ایک عام مزدور تک سب ایک ہی ٹریک پہ سائیکل سے سفر کرتے ہیں۔بلکہ ان کے وزراء جب سفر کرتے ہیں تو ان کے جھنڈے سائیکل پہ لگے ہوتے ہیں۔
    ہمارے معاشرے میں عام طور پہ سائیکل سوار کو غریب طبقے کی نمائندہ سواری سمجھا جاتا ہے۔اور کار یا بڑی گاڑی کے مالک کو امیر طبقے کی نمائندہ سواری سمجھا جاتا ہے لہذا یہ ایک طرح سے سٹیٹس سمبل بن گیا ہے۔یہ دراصل ہماری ذہنی کیفیت ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے سائیکل کے تمام فوائد جن کا سطورِ بالا میں ہم نے ذکر کیا وہ نظر انداز ہوتے گئے۔ جب ہم کالج جایا کرتے تھے وہاں سائیکل سٹینڈ ہوتا تھا جو اب موٹر سائیکل سٹینڈ ہے یہ تبدیلی 2000ء کے آغاز کے ساتھ تیزی سے آئی پاکستان میں چائنا کے سستے موٹر سائیکل قسطوں پر عام فروخت ہوئے۔
    بنکنگ آٹو فنانس نے کاریں عام کر دی۔سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک اور ٹریفک کے اصولوں کی پابندی سے آزاد سوچ نے سب ہی کچھ درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ہم نے ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل سڑکوں کی کشادگی اور اوور ہیڈ پُلوں اور انڈر پاسز تک محدود کر دیا ہے۔
    پاکستان خطرناک حد تک بڑھتی آلودگی اور توانائی کے بحران کا شکار ہے ۔ پٹرول کی کمی اور گیس کی لوڈشیڈنگ عام ہوتی جا رہی ہے گاڑیوں کی قطاریں پٹرول پمپوں اور سی این جی اسٹیشنوں پہ نظر آتی ہیں۔ آئے دن پٹرول ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو تا جارہا ہےجس سے لوگوں پہ معاشی بوجھ ناقابل برداشت حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔ جس سے مہنگاٸی کا طوفان برپا ہوا یہ سب کچھ اس لئے کہ ہمارا طرزِ زندگی اور سوچ درست نہیں۔ آج پٹرول 209روپے 86 پیسے فی لِٹر ہو گیا۔ ہر طرف آھا کار مچی ہوٸی ہے۔ احتجاج ہو رہا ہے۔ غریب دہاٸی دے رہا ہے۔ حکومت کی اپنی مجبوریاں ہیں۔ایسے میں ضرورت ہے کہ ہم اپنا رویہ اور سوچ بدلیں ۔اسی سے ہم ایک مہذب قوم کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔ سائیکل کو بطور سواری اپنائیں۔خود کو امیر دِکھانے کی بجائے اپنی حالت کو پہچانیں۔ جب حقیقت کو تسلیم کریں گے تو اسکو بدلنے کی کوشش بھی کریں گے۔ بھیڑ چال سے باہر نکلیں قریب کے سفر یا آمد و رفت کے لیے سائیکل کا استعمال کریں۔سائیکل کو زندگی کا حصہ بنائیں۔صحت اور خوشحالی کا سفر دوبارہ سے شروع کریں۔سائیکل واپس آئے گی تو زندگیوں میں بہتری بھی آئے گی۔ فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے ہم مہذب قوم بن کر سامنے آئیں گے یا شوروغل کرنے میں ہی مصروف رہیں گے۔صرف اس سوچ کو اپنالیں کہ امیر غریب کا فرق سائیکل سے نہیں جانچیں گے۔ ہم سب بے دھڑک سائیکل استعمال کریں گے اور ساٸیکل کے استعمال کے ذریعہ سے ایک عظیم قوم بننے کا سفر شروع کریں گے۔

    201 مناظر