• سیاست کس موڑ پر

    پاکستانی کرکٹ و سیاست میں کب کیا ہو جائے کسی کو علم نہیں ہوتا مگر ناقص تجربے اور تجزیے کی بنیاد پر محض رائے قائم کی جا سکتی ہے۔ہماری سیاست کا اول المیہ تو یہ ہے کہ ادارے ہماری پشت پر کھڑے ہوں تو ہم بہترین سیاست دان بلکہ باکمال عالمی لیڈر بن کر ابھرتے ہیں اور صبح و شام اداروں کی مدح سرائی میں مصروف رہتے ہیں جیسے ہی اداروں کی بیساکھیاں سرکنا شروع ہو جائیں تو ہمارے مزاجوں میں تغیرات کی لہر ٹکراتی ہے جو وہ سب اچھائیاں بہا کر لے جاتی ہیں جو ان اداروں کی کرامات کے باعث ہوتی ہیں رفتہ رفتہ نفرت کی آمیزش بڑھتی رہتی ہے اور وہی ہیرو اپنے پیروکار کے ہمراہ اداروں کے خلاف صف آراء ہونا شروع کر دیتے ہیں۔ماضی میں میاں نواز شریف بعد ازاں عمران خان اسی نقش قدم پر چل رہے ہیں۔انسانی جبلت ہے کہ اگر آپ نے کسی پر احسان کیا ہو اور وہ آنکھیں ماتھے پر رکھتے ہوئے آنکھیں دکھانا شروع کر دے تو محسن کو ناگوار گزرتا ہے اور جہاں ادارے اور اس کے منسلک بیسیوں لوگ ہوں تو وہ نمک حرامی پر کیا سوچتے ہونگے۔ہم عالمی سیاست کا تقابلی جائزہ لیں تو بھارت،امریکہ سمیت متعدد ممالک میں ایسٹبلشمنٹ ہی ملکی سیاست کا رخ متعین کرتی ہے وگرنہ مودی سرکار،ٹرمپ و جو بائیڈن اقتدار کے ایوانوں میں براجمان نہ ہوتے۔پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے سیاست دان اقتدار کا جھولا جھولنے کے لیے ایسٹبلشمنٹ کی گود میں جم کر بیٹھتے رہے ہیں اور جیسے ہی سیاسی پینگ کی رسی ٹوٹتی ہے تو گدھے کی طرح مٹی پر لوٹ پوٹ ہو کر زارو زار رونا شروع کر دیتے ہیں جیسے طفل کو جھولے سے اتارنے کے بعد ضد کرتا ہے کہ جب تک میرا من چاہے گا میں جھولا لوں گا پھر اس کو طفل تسلیوں سے بہلانا پڑتا ہے کہ دوبارہ پھر آپ کی باری آئے گی۔عمران خان صاحب اسی بچے کی طرح صد کر رہے ہیں کہ مجھے دوبارہ اقتدار کی رسی پکڑائیں دوسری طرف وہ حکومت پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ غداری کا مقدمہ چلا کر خدانخواستہ پھانسی گھاٹ کی رسی پکڑانا چاہتے ہیں۔
    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خان صاحب ایک طرف اداروں پر دباؤ بڑھانے میں اور دوسری طرف کوئی مناسب راستہ نکلوانے میں مصروف ہیں تاحال جیسے انہیوں نے کسی کے نمبر بلاک کیے ہیں اب ان کے نمبر بھی بلاک کر دیے گئے ہیں اور مکمل نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے البتہ ایک پیشکش اور سہولت میسر ہے کہ سب سیاسی جماعتوں کو اکٹھا بٹھا سکتے ہیں اس سے زیادہ کے لیے معزرت خواہ ہیں۔پی ٹی آئی کی اندرونی صفوں میں زیر بحث ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے بات کے جائے اور منظم لائحہ عمل تشکیل دیا جائے کہ ایسٹبلشمنٹ سیاست میں کبھی مداخلت نہ کر سکے مگر آصف زرداری اور میاں نواز شریف جیسے زیرک سیاستدان کے ہوتے وہ عمران کو کیوں آکسیجن فراہم کریں گے جبکہ ان کی پانچوں گھی میں ہیں۔ایک اور مبینہ ڈیل کی بازگشت ہو رہی ہے کہ تحریک انصاف الیکشن کی تاریخ کے حصول کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے دوسری جانب سے جواب مل رہا ہے کہ پہلے استعفے واپس لے کر اسمبلی کا رخ کریں اس پر پی ٹی آئی بھی تذبذب کا شکار ہے کہ ایوان میں واپس آنے کے بعد ہمارا نام نہاد امپورٹڈ حکومت کا بیانیہ جو کہ جھوٹا ہی ہے اس کا جنازہ نکل جائے گا اور پھر انتخابات کی تاریخ بھی نہ ملی تو ہم کہاں کھڑے ہونگے یہ پریشانیاں عمران خان اور ان کی متزلزل ٹیم کو کھوکھلا کر رہی ہیں کیونکہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ پر عمران خان کی ٹیم کے کافی لوگ ان کے ساتھ نہیں کھڑے اور حیرت انگیز طور پر شیخ رشید نے بھی اپنی تازہ ترین پریس کانفرنس میں فوج کے خلاف بولنے والوں کو الٹا لٹکانے کی بات کر دی ہے
    کیا ہی اچھا ہوتا کہ عمران خان اپنی جھوٹی انا کو چھوڑ کر حکومت اور اپنی ہی دی ہوئی مہنگائی کے خلاف موثر مہم چلاتے اور اداروں سے مراسم مضبوط رکھتے تو جلد وزیر اعظم ہاؤس کی کرسی پر ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے ہوتے جیسے کہ ماضی میں تھا مگر محسن کو آنکھیں دکھانے کے بعد میاں نواز شریف اور مریم نواز کی طرح تاحیات نااہلی کا فیصلہ قبول کر کے ملکی سیاست سے دور رہنا پڑتا ہے جو کہ عمران خان سمیت سب سیاست دانوں کے لیے ناقابل قبول فیصلہ ہوتا ہے مگر فیصلہ ساز بہتر سمجھ رہے ہوتے کہ کون اس وقت اچھا ساز بجا سکتا ہے پھر دوسرا فریق صبر کے ساتھ یہی کہے کہ اللہ کریم ہی بہتر سازگار ہے۔۔۔۔۔۔

    202 مناظر