
سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں کاہنہ سرکل کی کرائم میٹنگ منعقد
سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں کاہنہ سرکل کی کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ایس پی ماڈل ٹاؤن وقار کھرل،ایس ڈی پی او کاہنہ ڈی ایس پی ارشد علی، ایس ایچ اوز کوٹ لکھپت دیس محمد،نشتر کالونی اسد عباس، ایس ایچ او کاہنہ ناصرحمید اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے تمام سرکل افسران،ایس ایچ اوز کو اپنےسرکاری فون ہمہ وقت آن رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے تمام افسران اپنے سرکاری رابطہ نمبرز دو دن کے اندر فنکشنل کر لیں کیونکہ وہ خود کال کرکے فون چیک کریں گے۔سی سی پی او لاہور نے کاہنہ سرکل میں کرائم کنٹرول میں ناقص کارکردگی پر ایس ایچ اوزکی سرزنش کی۔بلال صدیق کمیانہ نے کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ایس ڈی پی او کاہنہ کو آخری وارننگ دی۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایس پیز اچھی کارکردگی نہ دکھانے والے ایس ایچ اوز کی نشاندہی کریں،مسلسل ناقص کارکردگی کے حامل ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹا دیں گے۔سی سی پی او نے مزید کہا کہ جرائم کے تدارک کے لئے کرائم فائٹنگ واحد قابل عمل پولیسنگ ہےبلال صدیق کمیانہ نے ایس ایچ اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت دی اور کہا کہ اس کے بعد تمام ایس ایچ اوز کی مجموعی پرفارمنس، اور ریکوری پوزیشن خود چیک کروں گا۔انہوں نے کہا کہ صرف کرائم فائٹنگ کرنے والا ایس ایچ او ہی عہدے پر برقرار رہے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرائم کی 90فیصد وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرم ملوث ہوتے ہیں،انہیں گرفتار کیا جائے تاکہ جرائم کا گراف نیچے آ سکے۔سی سی پی او لاہور نےایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر تحت ایس ایچ اوز کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگ کریں،مسائل سے آگاہی حاصل کریں اور ان کے حل کے لئے کوشش کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس ایچ اوز درست سمت میں کوشش کریں تو یقینی نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔جہاں ضرورت محسوس کی ایس ایچ اوز کو مزید نفری اور وسائل فراہم کریں گے۔