Site icon Meritnews

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی شہدا پولیس کے ورثا سے ملاقات،قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی شہدا پولیس کے ورثا سے ملاقات،قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا
شہدا پولیس کے بچوں کی تعلیم ،صحت،روزگار سمیت تمام معاملات کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ہے،سربراہ لاہور پولیس
شہدا کی فیملیز کو سافٹ ویئر کے ذریعے رجسٹر کرکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں
بلال صدیق کمیانہ نے شہدا پولیس کے بچوں سے خصوصی شفقت کا اظہار کیا،ان کے ساتھ گھل مل گئے،تحائف بھی تقسیم کئے
لاہور پولیس کے 328 شہدا نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت،ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا

لاہور پولیس کا اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں لاہور پولیس کے پانچ شہدا کی فیملیز سے ملاقات کی۔سربراہ لاہور پولیس نے شہید انسپکٹر رانا شاہد حسین، شہید ہیڈ کانسٹیبل اللہ دتہ،شہید کانسٹیبلز محمد خالد، رحمت علی اور محمد مشتاق کے ورثا سے ملاقات کی۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ڈی ایس پیز ریحان جمال،کاشف ڈوگر،دیگر پولیس افسران موقع پر موجود تھے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ورثا سے ملاقات میں شہدا پولیس کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے328 شہدا نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔سی سی پی او لاہور نے شہدا پولیس کے ورثا سے فرداً فرداً مسائل دریافت کئے اور حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔سی سی پی او بلال کمیانہ نے کہا کہ شہدا پولیس کے بچوں کی تعلیم ،صحت اور روزگار سمیت تمام معاملات کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ہے۔سی سی پی او نے کہا کہ شہدا کی فیملیز کو سافٹ ویئر کے ذریعے رجسٹر کرکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔انہوں نے شہدا کی فیملیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے پیاروں کو واپس تو نہیں لا سکتے تاہم ہر خوشی غمی میں آپ کے ساتھ ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہدا کے بچوں کی اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم کے لئے سکالرشپ اور اہل خانہ کے علاج معالجے کے لئے امدادی رقوم دے رہے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایسا کوئی دوسرا محکمہ نہیں جس کی ملک و قوم کی خاطر اتنی زیادہ قربانیاں ہوں۔ انہوں نے ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر کو شہدا پولیس کے ورثا کی دیکھ بھال اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔بلال صدیق کمیانہ نے شہدا پولیس کے بچوں سے خصوصی شفقت کا اظہار کیا،ان کے ساتھ گھل مل گئے اور ان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر شہداء پولیس کے بچوں اور ورثاء کی خوشی دیدنی تھی۔ لاہور پولیس کی طرف سے عزت افزائی اور پذیرائی پر شہدا پولیس کی فیملیز نے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے اظہار تشکر کیا۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے شہدا پولیس کی فیملیز کی فلاح و بہبود کے لئے آئندہ بھی تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version