عمران خان کی تقریرکا نوٹس لیا جائے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی تقریرکا نوٹس لیا جائے، عمران نیازی نے کل پاکستان کے ادارے کے بارے بدترین گفتگو کی، اس لمحے کو کنٹرول کرنا ہو گا اگر معاملہ بے قابو ہو گیا تو پھر کچھ نہیں بچے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مئی کے بعد لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ضرورہوئی ہے، ماضی کی حکومت نے تیل، گیس وقت پر نہیں منگوایا، جب دنیا کی منڈی میں گیس 3 ڈالرفی یونٹ تب گیس نہیں منگوائی گئی، تیل مافیا حکومت کی نبض پر چھایا رہا، سستی ترین گیس نہ خرید کر اربوں روپے کا نقصان ملک کوپہنچایا گیا، ہر سال پلانٹس کی مرمت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالائق، کرپٹ حکومت نے پلانٹس کی مرمت کی پرواہ نہ کی، ہم نے گیس کے جہاز خریدے ہیں، ساڑھے 5 ہزار ارب کا فیسکل ڈیفیسٹ تاریخ کا سب سے زیادہ ہے، پونے چارسالوں میں مجموعی قرضوں میں 85 فیصد اضافہ کر دیا گیا، پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے قرضے لیے، ایک نئی اینٹ نورعالم خان کے حلقے سمیت کسی جگہ نہیں لگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرضے لیکرآنے والی نسلوں کو گروی رکھ دیا گیا ہے، دن رات چور،ڈاکو کا راگ الاپ کر قوم کا وقت ضائع کیا گیا، کل عمران خان نے انتہائی خطرناک بات کی، عمران خان نے کہا سراج الدولہ کے سپہ سالار میر جعفر، میرصادق نکلے، غداری، وفاداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔ امریکا میں پاکستانی سفیرنے کہا خط میں لکھا دھمکی آمیز گفتگو تھی لیکن سازش یا غداری کا عنصر کہاں سے نکل آیا، خط قومی سلامتی کمیٹی میں پڑھا بھی گیا، خط میں سازش کا دور دور تک کوئی ثبوت یا نشان نہیں ہے