
جسٹس جواد حسن کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نےلاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عمر سرفراز چیمہ کا اعلان کیا کہ عدالت نے کس قانون کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی کو حلف دینے کا حکم دیا، فیصلے پر جج کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اسپکر قومی اسمبلی کو حلف دینے کا حکم دینا خلاف آئین اور خلاف قانون ہے، پنجاب آئینی بحران کا شکار ہے، ایک غیر منتخب شخص کو زور زبردستی سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر بٹھایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کہتا ہوں اپنے بیٹے کو سمجھائیں، قانون کے مطابق الیکشن لڑ کر آئے، میں حلف لوں گا، اگر ان کی لیگل ٹیم نہیں سمجھا رہی تو وہ اپنی لیگل ٹیم بھیج دیتے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا انہوں نے ملکی قیادت کو خط لکھ کر صورت حال سے آگاہ کیا ہے، خط میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کا بیٹا کیسے صوبے کے معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔