عمران خان اور اداروں میں کوئی ناراضگی نہیں:رہنما پی ٹی آئی پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان اور اداروں میں کوئی ناراضگی نہیں ، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا اسمبلی سے استعفے نہیں دے گی، حکمران مسجد نبوی واقعہ کو غلط رنگ دے رہے ہیں.
پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے اور اس وقت کی اپوزیشن کو آرمی چیف کے ذریعے کوئی مشروط مذاکرات کی دعوت نہیں دی گئی تھی، آرمی چیف اور فوج کے ساتھ جو تعلقات پہلے تھے اب بھی ویسے ہی ہیں مگر حالات تبدیل ہوچکے ہیں، تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دے گی، خیبرپختونخوا اسمبلی کو توڑنے کا بھی کوئی آپشن زیر غور نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی تجویز ان کے ذریعے اپوزیشن کو دی گئی تھی، اپوزیشن کو اقتدار میں لانے کے لیے امریکہ سمیت دیگر ممالک نے اپنا کام دکھایا ہے، امریکی مداخلتی دھمکی آمیز خط ایک حقیقت ہے، کبھی خاموش نہیں رہے، امپورٹڈ حکمران مسجد نبوی ﷺ کے باہر واقعہ کو مسترد کرتے ہیں، حکمران غلط رنگ دیکر جھوٹے مقدمات قائم کر رہے ہیں۔