جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر ‘کرائم منسٹر’ کو اقتدار سونپنا بڑی سازش ہے: عمران
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر “کرائم منسٹر” کو اقتدار سونپنا بڑی سازش ہے، پاکستان کا وقار آزادی اور خودمختاری سے ہی وابستہ ہے، غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے، وقت آن پہنچا ہے آپ آگے بڑھیں اور حقیقی آزادی کی تحریک میں دست و بازو بنیں۔
عید الفطر پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا قوم کو ماہِ صیام کی تکمیل اور عیدِ سعید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ رب العزت آپ کے قیام و صیام کو شرفِ قبولیت عطا فرمائیں، حصولِ تقویٰ کیلئے اہلِ ایمان کی محنت بار آور ثابت ہو، رب کائنات کی پیدا کردہ نعمتوں میں سے فکر و عمل کی آزادی سب سے بڑی نعمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منتخب جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر رسوائے زمانہ مجرموں کو 40 ارب کی منی لانڈرنگ میں ملوث ”کرائم منسٹر“ کی سربراہی میں اقتدار سونپ دیا گیا، اس ذِلّت آمیز سازش کا واحد مقصد پاکستان کو خودمختاری کی راہ سے روک کر غلامی کی ڈگر پر چلانا تھا، سازش کے ذریعے اس حکومت کو سزا دینا تھا جو ایک آزاد خارجہ پالیسی بنانے کی جسارت کررہی تھی۔