Site icon Meritnews

شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے ایم این اے راشد شفیق کو عمرے کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد پہنچنے پر ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ائیررپورٹ ذرائع کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے ایم این اے شیخ راشد شفیق کو مسجد نبوی کے تقدس کو پامال کرنے کے معاملے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ راشد شفیق نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو ائیرپورٹ پر ہی سول کپڑوں میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے اپنی حراست میں لے کر ائیرپورٹ سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

شیخ راشد شفیق سمیت پی ٹی آئی کی اعلی قیادت اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف فیصل آباد میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تقدس کو پامال کرنے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ راولپنڈی کے تھانہ گوجرخان اور سول لائنز میں اندراج مقدمہ کی دو الگ الگ درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں۔

ایم این اے شیخ راشد شفیق نے سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے دوران ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہاں ہونے والے واقعہ کا بھی بتا رہے تھے۔

Exit mobile version