
افغانستان: مسجد میں خود کش دھماکا
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسجد میں خود کش دھماکے کے باعث 50 سے زائد افراد شہید ہو گئے۔متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مسجد میں نماز جمعہ کے بعد زور دار دھماکا ہوا، رمضان المبارک کے دوران متعدد مساجد میں بم دھماکے ہو چکے ہیں جس کے باعث سینکڑوں افراد شہید ہو گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے نائب ترجمان بسم اللہ حبیب نے کہا ہے کہ دھماکا خلیفہ صاحب مسجد میں ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب مسجد میں نمازی جمعہ کی نماز کے بعد زکر کے لیے ایک جگہ جمع ہوئے تھے۔
مسجد کے سربراہ سیّد فضل آغا نے بتایا کہ حملہ آور کے بارے میں ہمیں یقین تھا کہ وہ خود کش بمبار ہے، وہ تقریب میں شامل ہوا اور خود کو دھماکا خیز مواد سے اُڑا دیا۔ جس کے بعد ہر طرف کالا دھواں اُڑنے لگا، ہر طرف لاشوں کے انبار تھے، مرنے والوں میں میرا بھتیجا بھی شامل ہے، خود تو میں محفوظ ہوں لیکن اپنے پیاروں کو میں نے کھو دیا۔
وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ہسپتالوں میں اس وقت 30 لاشیں لائی جا چکی ہیں۔
کابل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان خالد زردان نے بتایا کہ بم دھماکے میں درجنوں افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔