
وزیراعظم شہباز شریف کا مدینہ منورہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال، مسجد نبوی میں نماز مغرب کی ادائیگی
وزیر اعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، مدینہ منورہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، گورنر سے ملاقات ہوئی، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نماز مغر ب بھی ادا کی
مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔
دورہ سعودی عرب پر وفاقی وزراء، بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چودھری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور محسن داوڑ بھی ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقعوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں دوست ممالک کی قیادت کے درمیان باہمی دلچسپی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت ہوگی ۔ وزیر اعظم روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی حاضری دیں گے اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔