منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع
وزیراعظم شہباز شریف اور نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی کا سندھ تبادلہ کر دیا گیا۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع کر دی۔
سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے وزیراعظم اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ شہباز شریف عدالت پیش نہیں ہوئے اور وکلا نے ان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا کہ کابینہ اجلاس میں مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
وکیل امجد پرویز نے بیان دیا کہ عدالت لمبی تاریخ دے، یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم خود عدالت پیش ہونگے۔ وکیل نے مزید کہا اس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ آئندہ سماعت پر دلائل یا ہم فرد جرم عائد کریں گے۔
دوران سماعت ایف آئی اے نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی کا سندھ تبادلہ کر دیا گیا ہے جبکہ اسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم اختر کو نیا تفتیشی تعینات کیا گیا ہے۔ نئے تفتیشی نے بیان دیا کہ ابھی کیس کا جائزہ لینا ہے، عدالت مہلت دے، عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع کر دی۔