
منحرف ارکان کیخلاف ریفرنسز سماعت کیلئے مقرر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) منحرف ارکان کے خلاف ریفرنسز سماعت کیلئے مقرر کرلیا گیا، الیکشن کمیشن نے ایم این ایز کو 28 اپریل جبکہ پنجاب کے ممبران کو 6 مئی کو طلب کرلیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر غور کیا گیا۔
خط کے متن کے مطابق پارٹی نے قومی اسمبلی کی تمام سیٹوں سے استعفے دے دیئے ہیں، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کوئی نمائندگی نہیں ہے، منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل( اے )63 کے تحت کیس الیکشن کمیشن کو بھیجا جا چکا ہے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اسپیکر کی جانب سے کسی رکن کے استعفوں کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا، جونہی استعفوں کا کیس اسپیکر سے موصول ہوگا الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اس پر کارروائی کرے گا۔