فارن فنڈنگ کیس سماعت کیلئے مقرر، پی ٹی آئی کا 26 اپریل کو احتجاج کا اعلان
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی 27 سے 29 اپریل تک سماعت ہوگی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن سماعت کریگا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ پی ٹی آئی وکیل انور منصور سکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر دلائل دینگے۔
پی ٹی آئی کا 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آج تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بد دیانتی کی انتہا کر دی ہے۔