غیر ملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے، قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ایجنسیوں نے بریفنگ دی کہ غیر ملکی سازش سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا جبکہ قومی سلامتی کمیٹی نے گذشتہ اعلامیے کی بھی توثیق کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا علامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس، دفاع، خارجہ، داخلہ، اطلاعات کے وزراء نے شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں واشنگٹن سے پاکستانی سفارتخانے کے مراسلے کا جائزہ لیا گیا، امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید نے اجلاس میں شرکت کی، اسد مجید نے اجلاس کو ٹیلی گرام کے مواد اور پس منظر پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی، ٹیلی گرام میں کسی سازش کے ثبوت نہیں ملے، سکیورٹی ایجنسیز نے قومی سلامتی کمیٹی کو سازش کے ثبوت نہ ملنے سے آگاہ کر دیا، سکیورٹی ایجنسیز کی معلومات کے مطابق کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کو ٹیلی گرام موصول ہوا، خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں، مرکزی سکیورٹی ایجنسی کے مطابق کوئی بین الاقوامی سازش نہیں ہوئی، دوران تحقیقات غیر ملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔