
عمران خان سے نجات مقام شکر ہے: نواز شریف
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب کے عہدوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی، سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان سے نجات مقام شکر ہے، معیشت کی بحالی بہت بڑا چیلنج، پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لائیں گے۔
لندن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان سے قوم کو نجات دلانا بہت ضروری تھا، عمران خان نے غنڈہ گردی اور بدتمیزی کے کلچر کو فروغ دیا، پاکستان میں اکانومی تباہ ہوگئی ہے، اکانومی کو بہتر کرنے میں بہت وقت لگے گا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان نے جو ماحول پیدا کیا ایسا ماحول کبھی نہیں دیکھا تھا، شکرادا کرنا چاہیے عمران خان سے نجات ملی، پاکستان کو دوبارہ منزل پر لائیں گے، ہماری حکومت میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، اسحاق ڈار نے پاکستان کی اکانومی کو مضبوط کیا تھا، ہماری حکومت میں پاکستان ترقی کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا اکانومی کو ٹھیک کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، پاکستان کو اس بھنور سے نکالنا ہے، معیشت کی بحالی اولین چیلنج ہے، بہت بڑے چیلنج سے نمٹنا ہے، پونے چار سال سیاہ ترین دور تھا، ہر چیز پر یوٹرن لیا گیا، یہ شخص جگہ، جگہ جا کر بھیک مانگتا رہا، کہتا تھا آئی ایم ایف گیا تو خود کشی کرلوں گا، ہم نے تو آپ کو خودکشی کرتے نہیں دیکھا، پاکستان اس لیے نہیں بنایا گیا تھا اس کا یہ حشر کردیا جائے۔
نواز شریف نے کہا کہ تمام اتحادیوں کو مسائل حل کرنے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، اللہ نے مجھے ملک کا تین دفعہ وزیراعظم بنایا، اب ملک کو اپنی منزل کی طرف پہنچانے کے لیے کردارادا کریں گے، قوم ہماری کامیابی کے لیے دعا کرے، بلاول بھٹو کا آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو نے مجھے مبارکباد دی، بلاول سے کل پھر ملاقات ہوگی۔