پاکستان اہم دور سے گزر رہا، امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے: عمران
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، ، پاکستان تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے،عوام کو مستقبل کے فیصلے سے زیادہ دیر محروم رکھنا ممکن نہیں۔
عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریوں، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے بڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید تحفظات، غیر یقینی کی صورتحال اور امپورٹڈ حکومت کے ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بلا تاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ بھی کردیا۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کر کے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے، قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے، قوم اس وقت بیرونی سازش اور خود مختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں، جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں، مینار پاکستان کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔