حکومت گرانے والے بحال کروانا چاہتے ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی سازش کو ناکام بنانے پر ہم اللہ کے حضور شکر گزار ہیں، حکومت گرانے والے حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں مشاورت سے سابق چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد کا نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن رہنماء باڈی لینگویج سے شکست خوردہ نظر آ رہے ہیں، وہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، حکومت گرانے والے حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں، یہ عوام کی عدالت میں جانے سے ڈر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ ناجائز دولت کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے کیسز اور نیب ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے، آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں، بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ بہترین کام کیا۔