عمران خان وزیراعظم رہیں گے یا نہیں، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کچھ دیر بعد
قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں آج وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔ اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری ہوگیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جس پر آج ووٹنگ ہو گی۔ اسمبلی اجلاس صبح ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریڈ زون کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں میں دو ہزار سے زائد رینجرز اور ساڑھے چار ہزار ایف سی کے جوان شامل ہیں۔
وفاقی وزارت داخلہ ميں خصوصی مانيٹرنگ سيل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں، ڈبل سواری، جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی۔ کسی جماعت کے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ کوئی رکن اپنے ساتھ کسی مہمان کو پارلیمنٹ نہیں لاسکے گا۔ ارکان کو پارلیمنٹ ہاؤس میں گارڈز لانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ارکان کو پارلیمنٹ لانے کیلئے پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹلز سے شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔