عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو عثمان بزدار پر پاؤں رکھ دیئے: مریم
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اقتدارکی کشتی ڈولتے دیکھ کر وسیم اکرم پلس کودھکا دے دیا۔ جب بندریا کے پاؤں جلتے ہیں تو اپنے بچوں پر پاؤں رکھ دیئے، عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو پاؤں عثمان بزدار پر رکھ دیئے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جن کے دماغوں پررعونیت بھرجائے ان کا حشرعمران جیسا ہوتا ہے، یہ قوم کا اعتماد کھوچکا ہے، جو شخص 16 میں سے 15 ضمنی الیکشن ہارجائے وہ اعتماد کھو چکا، یہ پارلیمنٹ کا بھی اعتماد کھو چکا، یہ آج اپنی پارٹی کا بھی اعتماد کھوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران سرکاری وسائل کے باوجود پریڈ گراؤنڈ میں 10 ہزارکا مجمع اکٹھا نہیں کر سکا، عمران خان نے کل جلسے میں سرکاری وسائل استعمال کیے، آج مولانا کی قیادت میں ہم تمہیں الوداع کہنے آئے ہیں۔ جن کی صبح، شام گالیوں سے ہوتی ہو ان کا حشر عمران جیسا ہوتا ہے، یہ حشرکی آج ابتدا ہوئی ہے، آگے آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کیا اس شخص کو آج پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھنے کا حق ہے، کیا ایسے شخص کو ملک کی تقدیرکے فیصلے کرنے کا حق ہے، تم 10لاکھ کا مجمع چھوڑو، 172 ارکان پورے کر کے دکھا دو، میں مولانا فصل الرحمان، شہباز شریف کی منتیں کر لونگی، اس کے اپنے لوگ بھاگ گئے، 172پورے نہیں ہو رہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ اقتدارکی کشتی ڈھولتے دیکھ کروسیم اکرم پلس کودھکا دے دیا۔ جب بندریا کے پاؤں جلتے ہیں تواپنے بچوں پر پاؤں رکھ دیئے، عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو پاؤں عثمان بزدار پر رکھ دیا، لیڈربن کرخود پانی میں چھلانگ لگاتے، وسیم اکرم پلس کوپانی کے اندردھکا دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کہنا چاہتی ہوں اپنی زندگی میں کسی کے تو بن جاؤ، عمران خان سے بڑا احسان فراموش نہیں دیکھا، جہانگیرترین، عبدالعلیم کا جہاز استعمال کیا وقت آیا تواس کا بھی نا بنا، جوشخص اپنے محسنوں کا نہیں، کیا وہ قوم کا ہوسکتا ہے؟ اس کی تقریرتواب ویسے کوئی نہیں سنتا۔ تم نے کونسے ایٹمی دھماکے کیے جوعالمی سازش ہوگی؟مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ چکما دے کر کہتا تھا اسلام آباد آنا سرپرائز دینا، ایک خط دکھا کر کہتا ہے یہ میرے خلاف سازش ہے، پتا نہیں کون سی سازش ہوئی، اس کے اپنے وزیرداخلہ کو نہیں پتا تھا، کہتا ہے عالمی طاقتیں سازش کررہی ہیں، اس قسم کی مضحکہ خیز کبھی باتیں سنیں؟ اس نے نہیں بتایا میں پڑھ کرخط سناتی ہوں، خفیہ خط میں لکھا تھا مسٹرعمران خان ہم سب خیریت اورآپ بھی خیریت سے ہونگے، عرض ہے ہم آپ کے خلاف ایک عالمی سازش تیار کر رہے ہیں اور ثبوت خود فراہم کر رہے ہیں، تاکہ سند رہے آپ جلسوں میں کاغذ لہرا کر دکھاؤ، یہ خط وزارت خارجہ نہیں جادو ٹونے سے کبوتروں کے ذریعے پہنچا رہے ہیں۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ کہتا ہے میرے خلاف عالمی سازش ہوگئی۔ تم نے کونسی امریکا کی 5 ارب ڈالر کی پیشکش کو ٹھکرایا جو تمہارے خلاف سازش ہوتی، تم توہرملک میں کشکول لیکر جاتے ہو، یہ ہے تمہاری خارجہ پالیسی، اگر پاکستان کے خلاف کوئی عالمی سازش ہوئی تو اس سازش کا بڑا آلہ کار عمران خان ہیں، کوئی پاکستان کے لیے اتنا خطرناک نہیں جتنا عمران تم ہو۔ تمہیں عالمی طاقتوں نے کہا تھا 22 کروڑملک کو جادو ٹونے سے چلاؤ، تم توخود دن رات تباہی کر رہے ہو تمہارے خلاف سازش کی کیا ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالائقی، نااہلی کیا عالمی سازش تھی؟ دوست ممالک سے تعلقات خراب کر دیئے، کیا عالمی سازش تھی؟ آٹا، چینی، ڈیزل، پٹرول کی قیمتیں بڑھانا کیا عالمی سازش تھی؟، بزدل آدمی تم اپنی ہرناکامی کا الزام دوسروں پرلگاتے ہو، تم میں اتنی جرات نہیں اپنی غلطی کوتسلیم کرو، 4 سال ملک کوترقی کے راستے پر ڈالنے کے لیے بہت ہوتے ہیں، ملک کوتنزلی پرڈالنے کے لیے ایک عمران ہی کافی ہوتا ہے۔ دوسروں کو چور کہتا ہے، اس کی چوری کی ہوشربا داستانیں سامنے آنے والی ہیں، ایل این جی، چینی، آٹا، پٹرول، ادویات سکینڈل میں اے ٹی ایم کو نوازا اور خود کمیشن لیں، کہتا تھا آخری بال تک مقابلہ کروں گا، کل جب سٹینڈ لینے لگا تو یاد آیا نوازشریف نہیں ہوں، اس کو پتا ہے سکینڈل کی فائلیں کھل گئی تو کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، فارن فنڈنگ کیس کویہ دبا کربیٹھا ہے۔