آسٹریلیا کا 351 رنز کا ہدف، پاکستان کو جیت کیلئے 278 رنز درکار
پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے آخری روز جیتنے کے لئے 278 رنز اور مہمان ٹیم کو 10 وکٹ درکار ہیں۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے 351 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا گیا، چوتھے روز کے اختتام پر گرین کیپس نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنالئے ہیں، اوپنر عبداللہ شفیق 27 اور امام الحق 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں آج کھیل شروع ہوا تو آسٹریلوی اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر دوسری اننگز کیلئے میدان میں اترے، ان کی 96 رنز کی طویل شراکت داری جاری تھی کہ شاہین آفریدی نے 51 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر دیا، مارنس لبوشین 36 رنز پر نعمان علی کا نشانہ بنے۔ سٹیون سمتھ 17 رنز بنا سکے، مجموعی سکور 268 پرپہنچا تو کینگروز نے اننگز ڈکلیئر کر دی، پاکستان کو جیت کیلئے 351 رنز درکار ہیں۔
گذشتہ روز پاکستان کی ساری ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا، تو عبد اللہ شفیق اور اظہر علی نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم اوپنر 81 رنز بنا کر لیون کا نشانہ بن گئے، اظہر علی کی باری 78 پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر ٹک نہ سکا، فواد عالم 13، محمد رضوان 1، ساجد خان6، نعمان ، حسن علی، نسیم شاہ 0 پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم کی 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کا خاتمہ مچل سٹارک نے کیا۔ پیٹ کمنز نے 5 اور مچل سٹارک نے 4 اشکار کیے۔ دوسری اننگز کے آغازپر آسٹریلیا کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنائے تھے یوں کینگروز ٹیم کو 134 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔