• ارشد شریف قتل کیس: سپریم کورٹ کا ایس جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    اشتہارات
  • سابق سپنر شین وارن انتقال کر گئے

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ سپنر شین وارن انتقال کر گئے۔

    غیر ملکی میڈیا ’فوکس سپورٹس‘ کے مطابق آسٹریلوی سپنر 52 سال کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، ان کا انتقال تھائی لینڈ میں ہوا، تھائی لینڈ میں دل کا دورہ پڑنے سے وہ چل بسے۔

    خاندان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شین اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائے گئے، ۔ خاندان اس وقت رازداری کی درخواست کرتا ہے اور مناسب وقت پر مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔
    عظیم لیگ اسپنر شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 2 جنوری 1992 کو سڈنی میں بھارت کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کا سفر شروع کیا تھا۔

    ایک روزہ کرکٹ میں ان کے شاندار کیریئر کا آغاز 24 مارچ 1993 کو نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں ہوا۔

    عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر کو اصل شہرت 1993 کی ایشز سیریز کے مانچسٹر ٹیسٹ میں مائیک گیٹنگ کو کرائی گئی گیند پر ملی تھی جسے صدی کی بہترین گیند بھی قرار دیا گیا تھا، یہ ان کی انگلش سرزمین پر کرائی گئی پہلی گیند تھی۔

    شین وارن نے07-2006 کی ایشز سیریز میں میلبرن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں عمدہ لیگ اسپن گیند کر کے انگلش اوپنر اینڈریو اسٹراس کی وکٹیں بکھیر کر ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین باؤلر نے 145 ٹیسٹ میچوں میں 708 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 194 میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 293 وکٹیں اپنے نام کیں۔

    شین وارن نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جہاں ان کا مدمقابل انگلینڈ تھا، 2 جنوری سے 5 جنوری 2007 تک جاری رہنے والے میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں لیں اور اس کے ساتھ ساتھ 71 رنز کی یادگار اننگز بھی کھیلی۔

    انہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ ورلڈ الیون کی جانب سے ایشیا الیون کے خلاف 10 جنوری 2005 کو کھیلا، جس میں ان کی ٹیم فاتح رہی اور وہ 2 وکٹیں حاصل کر پائے۔

    شین وارن نے 2013 میں تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی تاہم وہ کرکٹ سے مسلسل جڑے رہے۔

    Advertisements
    95 مناظر