صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کردیا
یوکرین پر حملے پر امریکی صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ روسی بینکوں کے امریکہ اور برطانیہ میں اثاثے منجمد کر دیئے گئے، امریکا نے روس کے نائب سفیر کو ملک سے نکلنے کا حکم دیدیا۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ روس کو یوکرین پر بلاجواز حملے کا جواب دینا پڑے گا، پیوٹن نے سفارت کاری مسترد کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں، ماسکو پہلے ہی حملے کی تیاری کرچکا تھا، اب نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ادھر یوکرین اور روس کے مابین جنگ پوری شدت سے جاری ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ یوکرین کے ہزاروں شہریوں نے ہمسایہ ملکوں کا رخ کر لیا، جو ملک چھوڑ کر نہیں جاسکتا وہ پناہ گاہوں میں منتقل ہورہے ہیں۔ اے ٹی ایمز اور پیٹرول اسٹیشنوں کے باہر لمبی لائنیں لگ گئیں، یورپ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔
روسی میزائل یوکرین کے رہائشی علاقوں میں گرنے سے ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول ہے، درجنوں رہائشی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔ جگہ جگہ جلتی گاڑیاں اور تباہ شدہ سڑکیں دیکھ کر شہری دہشت زدہ ہو گئے۔
ہزاروں افراد جنگ سے بچ کر یورپ جانے کے لیے گھروں سے نکل پڑے، دارالحکومت کیف کو روسی قبضے سے بچانے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے، یورپ جانے والی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔
پیچھے رہ جانے والے افرادجان بچانے کے لیے پناہ گاہوں میں منتقل ہورہے ہیں جو زیر زمین ریلوے اسٹیشنوں اور تہہ خانوں میں قائم کی گئی ہیں۔