پی ایس ایل7: لاہور قلندرز کو شکست
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دیکر دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 جاری ہے، قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سلطانز کے قائد رضوان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
شاہین الیون 164 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 135 رنز بناسکی، فخر زمان نے سب سے زیادہ 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی، عبداللہ شفیق 5، کامران غلام 20، محمد حفیظ صفر، ہیری بروک 13، سمت پٹیل 11 ، فل سالٹ اور شاہین آفریدی 1،1 اور ڈیوڈ ویزے 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ حارث رؤف اور زمان خان ناٹ آؤٹ رہے۔
فاتح ٹیم کی جانب سے شاہنواز دھانی نے شاندار باؤلنگ کراتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا، آصف آفریدی ،رومان رئیس اور خوشدل شاہ نے 1،1 اور آصف آفریدی نے 2 وکٹ حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کو 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔