تحریک عدم اعتماد کیلئے تین ایم این ایز کو پیسوں کی آفر ہوئی: فواد چودھری
فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے تین ایم این ایز کو پیسوں کی آفر ہوئی، لوٹ مار کے دو بڑے سوداگر اکٹھے ہوگئے، تمام معاملات پر نظر ہے، ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے دورہ روس سے متعلق اعتماد میں لیا، شرکاء نے وزیراعظم کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، 23 سال بعد پاکستان کے وزیراعظم روس کا دورہ کر رہے ہیں، دنیا کی نظریں وزیراعظم اور روسی صدر کی ملاقات پر ہوں گی، وزیراعظم نے کل واضح کیا کہ کسی گروپ کا حصہ نہیں ہے، دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ گندم روس اور یوکرین میں پیدا ہوتی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رات پاکستان کے 2 بڑے سوداگر اکٹھے ہوئے، ہمارے 3 ایم این ایز کو عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی، پاکستان میں کرپشن کی 2 تصاویر شہباز شریف اور زرداری ہیں، ان میں طے ہوا کہ عدم اعتماد کے لئے کتنے کتنے پیسے لگائیں گے، 3 ایم این ایز کو پیسوں کی آفر شرمناک ہے، اگر ان میں جرات ہے تو عدم اعتماد کل ہی لے کر آئیں، اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ عدم اعتماد لائیں ان کو لگ پتہ جائے گا، شہباز شریف کیس کی روزانہ سماعت کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جس دن کیس روزانہ چلے گا شہباز شریف کو جیل جانا ہوگا، اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک نہیں لاسکتی۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین کا جلسہ کامیاب رہا، عوام نے وزیراعظم عمران پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، پنجاب میں پہلی بار ضلعی ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے۔