سپریم کورٹ: طارق انیس کیخلاف درخواست غیر مؤثر ہونے کی بنا پر نمٹا دی گئی
سپریم کورٹ میں لیگی رہنما دانیال عزیز کی مخالف امیدوار طارق انیس کیخلاف درخواست پر سماعت میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آپ ایک ہارے ہوئے کو دھوکہ باز ثابت کر کے کیا کریں گے۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لیگی رہنما دانیال عزیز کے مخالف امیدوار طارق انیس کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے طارق انیس کیخلاف درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔ دانیال عزیز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طارق انیس 2013 اور 2018 میں الیکشن ہار گئے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ ایک ہارے ہوئے کو دھوکہ باز ثابت کر کے کیا کریں گے،آخری دو انتخابات میں جسے عوام نے مسترد کیا اسے اور کیا سزا ہونی چاہیے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ 13 سال گزر چکے ہیں، پانچ سال کی سزا بھی ہوتی تو اب تک پوری ہوچکی ہوتی، دانیال عزیز نے 2008 کے انتخابات میں دھاندلی اور کرپٹ پریکٹس پر طارق انیس کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔