مارچ میں آنیوالے 2 ایل این جی کارگو منسوخ ہو گئے: شیری رحمن
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ مارچ میں آنے والے 2 ایل این جی کارگو منسوخ ہو گئے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ حکومت کی نااہلی کہ وجہ سے اس سال بھی گرمیوں میں گیس کا بحران جاری رہے گا۔
گیس بحران بارے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جس کی وجہ سے صارفین اور صنعتوں کو گرمیوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنہ کرنا پڑتا ہے، سردیوں کے بعد اب گرمیاں بھی گیس کے بغیر گزریں گی۔
شیری رحمن نے کہا کہ سندھ کو پہلے ہی 15فیصد گیس کم دی جا رہی ہے، قلت پوری کرنے کے لئے سندھ کے حصے کی گیس فراہمی کم کی جا رہی ہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے، ان کے پیدا کردہ بحران ملک کو اندھیروں میں لے جائیں گے، اس نااہل حکومت کے خلاف باہر آنے کا وقت آ چکا ہے۔