حکومت کو وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں: فواد چودھری
فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں، جہانگیر ترین پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پنڈ دادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی آواز کو عالمی سطح پر پذیرائی ملتی ہے، سیاسی مخالفین کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی، عمران خان کے لیول کا کوئی شخص پاکستان میں نہیں، بلاول، مریم نواز، فضل الرحمان، شہبازشریف سیاسی بونے ہیں، مریم نواز مثبت سوچ رکھتی ہیں تو اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں، شریف خاندان کا پیسہ اگر پاکستان آ جائے تو معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، وہ پارٹی کیساتھ ہیں، جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، جو عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، حکومت مضبوط ہے، وفاق اور نہ ہی پنجاب میں خطرہ ہے، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ کیا عدم اعتماد لائیں گے، عدم اعتماد شوق سے لائیں، ان کو منہ کی کھانا پڑے گی، اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود ہارتی رہی ہے۔