پی ایس ایل 2022: لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج مدمقابل
پی ایس ایل سیون دوسرے راؤنڈ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل 2022 کا میلہ اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ ایونٹ کا 27 واں میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے قذافی اسٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
کراچی کنگز کے خلاف 22 رنز کی شکست کا سامنا کرنے والی لاہور قلندرز وننگ ٹریک پر واپس آنے کے لیے پر عزم ہے جبکہ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی جیت کے ساتھ پلے آف کی ٹکٹ کنفرم کرنے کی ٹھان لی۔
دونوں ٹیموں کے مابین آخری پانچ مقابلوں میں اسلام آباد کو سبقت حاصل ہے جبکہ تین مرتبہ لاہور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم روان سیزن میں یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد قلندرز کا مورال ہائی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور دوسرے جبکہ اسلام آباد چوتھے نمبر پر موجود ہے۔