کیچ دہشتگردی میں ملوث 6 ملک دشمن ہلاک
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بلیدہ کی انجیرکان پہاڑیوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن ملک دشمن عناصر کے حمائیت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز کیساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے، مارے جانیوالے دہشت گرد کیچ میں ہونے والی حالیہ تخریب کاری میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ فورسز کی طرف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشنر جاری رہیں گے، دہشت گردوں کو بلوچستان میں امن اور ترقی کا عمل سبوتاژ کرنے نہیں دینگے۔