اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد پر ہمارے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خوشی ہے اپوزیشن کی دیگر جماعتیں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہمارے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی سربراہی میں بلاول ہاؤس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں فریال تالپور اور وزیراعلی مراد علی شاہ بھی موجود تھے جبکہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، آفتاب شعبان میرانی، نواب یوسف تالپور، منظور وسان اور دیگر بھی شریک ہوئے۔
بلاول کو لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیاگیا، چیئرمین پی پی نے سندھ کے اراکین اسمبلی کو الگ الگ اہم ٹاسک سونپ دیئے۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سی ای سی کے اجلاس میں جمہوری اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا، ہم تحریک عدم اعتماد کے جمہوری، آئینی اور پرامن طریقے سے حکومت کی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے اپوزیشن کی دیگر جماعتیں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہمارے مؤقف کی حمایت کر رہی ہیں، پیپلزپارٹی نے پہلے دن سے آج تک مؤثر ترین اپوزیشن کی ہے۔