کراچی اور حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش
کراچی اور حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ 6 جنوری تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
دوسری جانب لاہور سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ ایبٹ روڈ، مال روڈ، ہال روڈ، اسلام پورہ، ساندہ، مغلپورہ، غازی آباد، دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کاسلسلہ جاری رہے گا۔ لاہور میں بارش کے بعد سموگ میں بھی کمی آگئی، جس کے بعد شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 157 ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارشوں سے طغیانی آگئی۔ بجلی کا نظام متاثر ہوگیا۔ ضلع کیچ کے بیشتر دیہات زیر آب آگئے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پسنی، جیوانی، سر بندر اور دیگر علاقوں میں متاثرین کو خوراک اور شیلٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔