چند روز سے مجھ پر حملہ کرنے کی دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں: حلیم عادل شیخ
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کہتے ہیں کہ گزشتہ تین چار روز سے ایک نمبر سے دھمکی آمیز کالزآرہی ہیں، اسلحے کی تصاویربھی بھیجی جا رہی ہیں، بتایا گیا ہےکہ مجھ پرحملہ ہوسکتا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ دھمکی آمیز کالز سے متعلق میرے پی ایس نے ایف آئی اے کو درخواست بھی جمع کرائی ہے، کل رات سے ایک اور ویڈیو مختلف گروپس میں وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دکھانے کی کوشش کی جارہی کہ سندھ پولیس مجھ سے ناراض ہے، میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے بے گناہوں کی آواز بنتا ہوں، میری کوئی پولیس سے دشمنی نہیں ہے، کسی پولیس والے کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو میں پولیس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اوباوڑو میں ہیڈ کانسٹیبل سلطان رند کو مارا گیا میں ان کے گھر پہنچا تھا، سہراب گوٹھ میں ایس ایچ او اور ٹیم نے ڈاکوؤں کو مارا ، میں نے تھانے جا کر انہیں شاباش اور انعام دیا، پہلے کلاشنکوف آئی، پھر سرکاری جی تھری آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ، مراد علی شاہ معاملے کی کھوج نکالنے کے ذمے دار ہیں، میری اگر سیاسی مخالفت ہے تو وہ پی پی سے ہے جسے دشمنی بنا دیا گیا ہے، میں عمران خان کا سپاہی ہوں، صرف اللہ کی ذات سے ڈرتا ہوں، ان ظالموں کے خلاف مظلوموں کی جنگ لڑتا رہوں گا۔