منی بجٹ میں آئی ٹی انڈسٹری پر ٹیکس لگایا گیا تو مخالفت کروں گا: امین الحق
امین الحق نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے منی بجٹ میں آئی ٹی انڈسٹری پر کسی قسم کا ٹیکس نہ لگایا جائے، اگر ٹیکس لگایا گیا تو اپنی انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہو کر اس کی مخالفت کروں گا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل منی بجٹ پر خصوصی کابینہ کا اجلاس 11 بجے ہوگا، جو سوچ آئی ٹی انڈسٹری کی ہے وہی وزیر آئی ٹی کی بھی ہے، ودہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے کل پتہ لگے گا، باتیں کی جا رہی ہیں کہ 10 فیصد کا اضافہ کیا جا رہا ہے، کمپیوٹر اور ٹیبلیٹس پر ٹیکس کا بھی سننے میں آرہا ہے، وزیر آئی ٹی کے طور پر ان فیصلوں کی مخالفت کروں گا۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے سامنے اپنی گزارشات رکھیں گے، امید ہے ان چیزوں پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، ملک میں مزید 40 کے قریب سافٹ ویئر پارکس بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے، ایس ٹی پی سے آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے ترقی کرے گی، نوجوانوں اور خواتین کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔