ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کا فروغ ضروری ہے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم پرامن بقائے باہمی کا ایسا ماحول پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں، جہاں ہر شہری کے ساتھ رنگ، نسل، مذہب اور صنف کی بناء پر امتیاز نہ برتا جائے، پاکستان پیپلزپارٹی واقعتاً انسانی حقوق کی ایک دفاع کار جماعت ہے، جس کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے قوم کو پیش کردہ متفقہ آئین تمام انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیئے اپنا فرض نبھانا ہوگا، افسوس ہے آج دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی ہے، لیکن مقبوضہ وادی میں حقوقِ انسانی کا استحصال جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالے پاکستان سمیت پوری دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کی لڑائی میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر اپنا کردار نبھائیں گے۔