• آزاد کشمیر میں کالعدم کمیٹی سے مبینہ طور پر وابستہ افراد کی مسلح سرگرمیوں سے متعلق ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں شہزاد نامی شخص مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہمراہ دکھائی دے رہا ہے، جہاں وہ ریاستی اداروں کو کھلی دھمکیاں دیتے ہوئے مسلح افراد کو ریاست پر حملوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دیتا دکھائی دیتا ہے۔

    ویڈیو میں شہزاد نے عوام کے ووٹوں سے منتخب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے لیے بھی توہین آمیز زبان استعمال کی، مسلح افراد کی موجودگی اور ریاست پر حملوں کی مبینہ دھمکیوں نے عوامی حقوق کے نام پر جاری سرگرمیوں کی نوعیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    آزاد کشمیر میں مسلح جتھوں کی مبینہ سرگرمیوں کو شہریوں کے جان و مال، امن عامہ اور ریاستی نظم و نسق کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی متفقہ قرارداد کے ذریعے مسلح جتھوں کے خاتمے اور ریاستی رٹ کی بحالی کا مطالبہ کر چکی ہے۔

    دوسری جانب کالعدم کمیٹی پر ماضی میں دہشت گردی، تخریب کاری اور بھارتی سرپرستی میں بدامنی پھیلانے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں، حالیہ ویڈیو کے بعد مسلح افراد، ان کے مبینہ سہولت کاروں اور مالی معاونت کے ذرائع سے متعلق جامع تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

    علاوہ ازیں عوامی حقوق کے نام پر اسلحہ اٹھانے، شہریوں کو یرغمال بنانے یا ریاستی اداروں پر حملوں کی دھمکیوں کے معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، شہریوں کے بنیادی حقوق، جان و مال اور آزادانہ نقل و حرکت کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    64 مناظر