• بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں حکومتی وفد نے اہم قانون سازی پر حمایت مانگ لی: ذرائع

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور حکومتی وفد کے درمیان زرداری ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
    حکومتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، طارق فضل چودھری اور بلاول اظہر کیانی نے وفد کی نمائندگی کی، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان شریک ہوئیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد نے بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے حق میں حمایت اور ووٹ دینے کی درخواست کی، ملاقات میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال اور گورنر راج کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوسری جانب حکومت نے اہم قانون سازی کے معاملات پر بھی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی، اس موقع پر اگلے ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا امکان بھی زیرِ غور آیا، جس میں اہم قانون سازی اور دیگر قومی امور پر بحث متوقع ہے۔

    علاوہ ازیں ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی حکومتی تجاویز پر مشاورت کے بعد اپنا حتمی مؤقف اختیار کرے گی۔

    76 مناظر