• این سی سی آئی اے کی تنظیم نو, پاکستان سائبر پولیس بنانے کی سفارش

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
    اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔

    شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس ادارے کی تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جائے، نیز سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    وزیراعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات پر غور کرنے کے لیے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کیے، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    اجلاس میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے، جس کے لیے بہترین افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر رکھی جائے گی۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سیکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے۔ موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کے لیے حتی المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

    68 مناظر